پاکستان اورچین کا سی پیک کے روٹ پر ثقافتی کارواں چلانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل سید جمال شاہ نے کہاہے کہ پاکستان اورچین نے اقتصادی راہداری کے روٹ پرثقافتی کارواں چلانے کا فیصلہ کیاہے، ثقافتی کاروان پاک چین اقتصادی راہداری کو ثقافتی راہداری میں تبدیل کرنے کا موقع فراہم کریگا، سی پیک سے دونوں ممالک کو ثقافتی رابطوں کے احیائے نو کا موقع ملاہے،کارروان اگست میں چین کے شہر ارومچی سے شروع ہوگا، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور چین کے وزیر ثقافت و اطلاعات مشترکہ طورپر افتتاح کریں گے،ثقافتی کاروان میں دونوں ممالک کے 16آرٹسٹ اور4فلم سازوں کے علاوہ عملے کے دیگر ارکان شامل ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ثقافتی کارروان کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ثقافتی کارروان کا مقصد راہداری سے منسلک علاقوں کے ثقافتی تنوع کومدنظر رکھتے ہوئے اسے سی پیک سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ثقافتی قافلہ15خصوصی طورپر سجائی ہوئی گاڑیوں پر مشتمل ہوگا اور 30دنوں میں گوادر پہنچے گا، قافلہ چین کے علاقوں آتھوشی،تھوم شوک،شولے،شیفو،آکتو اورتاشگل میں قیام کریگا،پاکستان میں قافلہ گلگت سے پشاور،لاہور، ملتان،ڈیرہ اسماعیل خان۔کوئٹہ اورسکھر سے ہوتے ہوئے گوادر پہنچے گا،اس دوران15مختلف مقامات پریہ کاروان رکے گا اور وہاں رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔