• news

خیبر پی کے: ٹیکسی ڈرائیور‘ پھل فروش پر تشدد کا نوٹس‘ 2 اہلکار معطل‘ مزید تحقیقات کا حکم

پشاور (بیورو رپورٹ) انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپی کے پولیس صلاح الدین خان محسود نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک پھل فروش کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔متاثرہ پھل فروش گل نازک نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹریفک پولیس اہلکار نے چارغان چوک پر سٹرک سے پھلوں کا ٹھیلہ ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ پھل فروش کا موقف تھا کہ پولیس اہلکاروں نے ان سے 4 ہزار روپے بھی زبردستی چھین لئے۔ دریں اثناء سٹی پٹرول فورس کے اہلکاروں کی جانب سے ٹیکسی ڈرائیور کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے خیبر روڈ پرڈرائیور کو بالوں سے کھینچ کر گاڑی سے باہر نکالا اور زدوکوب کیا۔ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان نے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے پر 2 اہلکاروں کو معطل کرکے لائن حاضرکردیا اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اتوار کے روز واٹس ایپ کے ذریعے ایک وڈیو وائرل ہوئی جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ خیبرروڈ پر سٹی پیٹرولنگ فورس کے اہلکار ٹیکسی ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن