لاہور، فیصل آباد، شاہکوٹ، اوکاڑہ میں 2 خواتین سمیت 4 افراد کی خودکشی
لاہور (نامہ نگاران) 30 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر نا معلوم وجوہات پر پنکھے سے پھندا لے کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس نے حالات و واقعات مشکوک ہونے پر نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کراکر تفتیش شروع کر دی ہے۔ شمالی چھائونی کے علاقہ لونیاں منڈی کے رہائشی 30سالہ عتیق کی گھر میں پنکھے سے جھولتی نعش ملی ہے۔ گھر والوں کے مطابق اس نے نامعلوم وجوہات پر خودکشی کی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاکت کی اصل وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔ جس کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 2 خواتین سمیت 3 افراد کی خودکشی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق 30سالہ بشارت چک نمبر 62 ج۔ب کا رہائشی تھا۔ اس نے گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہوکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔ حالت غیر ہونے پر اسے الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی قصبہ منڈی احمد آباد کی 21 سالہ عابدہ کی شادی اس کی مرضی کے خلاف ہوئی وہ خوش نہ تھی۔ گزشتہ دنوں میکے آئی ہوئی تھی کہ اس کا گھر والوں سے پھر کسی بات پر جھگڑا ہو گیا جس پر اس نے دوپٹے کا پھندا گلے میں ڈال کر خودکشی کرلی۔ پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی‘ عابدہ کی نعش ہسپتال منتقل کرکے تحقیقات شروع کر دی۔ شاہ کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گاؤں کرتار پور میں گھریلو ناچاقی کی بنا پر 28سالہ عادل اور اسکی 23سالہ بیوی نائلہ نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھانے کے بعد پٹرول پی لیا جنہیں مقامی ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد انتہائی تشویشناک حالت کے پیش الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا جہاں پر کئی گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد نائلہ بی بی دم توڑ گئی عادل کی حالت تشویشناک ہے۔ معلوم ہوا کہ ایک سال قبل ہی ان کی شادی انجام پائی تھی۔