• news

لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن‘ 40 مشتبہ افراد گرفتار

لاہور+ بھکر + اٹک (نامہ نگار+آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) پولیس کا لاہور‘ بھکر اور کلورکوٹ کے مختلف علاقوں میں آپریشن 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا‘ سرچ آپریشن بادامی باغ کے علاقہ سبزی منڈی، شفیق آباد کے علاقہ بند روڈ اور اس سے ملحقہ افغان بستیوں‘ اقبال ٹان کے علاقہ مون مارکیٹ میں کیا گیا‘ سرچ آپریشن کے دوران شہریوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی‘ اس موقع پر کرایہ داری اور شناختی کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی گئی‘ تاہم شناختی کوائف کی عدم دستیابی پر40 افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق بھکر اور کلورکوٹ میں پولیس کا سرچ آپریشن 10 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سی ٹی ڈی نے اٹک میں کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے رہنما ظفر اقبال کو گرفتار کرلیا۔ کالعدم تنظیم کارکن ظفر اقبال چندہ اکٹھا کرتا تھا۔ پندرہ ہزار سات سو روپے اور چندہ کی کاپیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔ گرفتار ملزم دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن