• news

نواز شریف نے جے آئی ٹی پیشی کا فیصلہ پہلے کیا سمن بعد میں ملا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد ( ایجنسیاں) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے جمعرات کو جے آئی ٹی میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم قانون کی حکمرانی کے لئے تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے عدلیہ کی تعظیم میں جے آئی ٹی کے سامنے جانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم کا جے آئی ٹی میں جانا آئین و قانون کی پاسداری کا ثبوت ہے۔ آئی سی آئی جے نے کہا کہ پانامہ سے وزیراعظم کا کوئی تعلق نہیں۔ آئی سی آئی جے نے معاملے پر معافی مانگی تھی۔ سمن بعد میں آیا وزیراعظم نے جے آئی ٹی میں جانے کا فیصلہ پہلے کیا۔ ماضی میں کبھی کسی کو کمردرد، دل کی تکلیف ہوئی، دماغی توازن ٹھیک نہ ہونے کا بھی سرٹیفکیٹ جمع کرایا گیا۔ جہانگیر ترین برسوں سے پاکستان کے قانون پر یقین نہیں رکھتے۔ عمران خان دہشت گردی کی عدالت اور الیکشن کمشن سے فرار ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے عدلیہ کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کیا اور عدلیہ کے رتبے کو بحال کرنے کیلئے سڑکوں پر نکلے۔ فخر ہے کہ پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے، 2018 میں عمران خان کا جو حال عوام کریگی انہیں کہنا پڑے گا یاد ماضی عذاب ہے یارب، چھین لے مجھ سے حافظہ میرا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان کو مکمل سکیورٹی فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سوشل میڈیا کا سہارا لیکر پہاڑوں پر بیٹھ کر ٹویٹ کرتے ہیں عمران خان میں قوم کے سامنے آنے کا حوصلہ نہیں اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کی بہکی بہکی باتیں ان کی شکست کا اعتراف ہے انہوں نے کہا کہ عمران سوال کرنے والے شخص، بلانے والے اداروں کو گالیاں دیتے ہیں۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہری پور میں کے ٹو ٹی وی کے بیورو چیف کے قتل کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے اور مقتول کے بچوں کے لئے وفاق کی جانب سے بھی مالی معاونت ہونی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن