اسلام آباد:نواز شریف تمام الزامات غلط ثابت کر کے سرخرو ہونگے‘ مریم اورنگزیب
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف جے آئی ٹی میں پیش ہو کر ملک میں قانون کی بالادستی کی تاریخ رقم کریں گے۔ وزیراعظم اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کو غلط ثابت کر کے سرخرو ہوں گے۔ گزشتہ روز سینئر اخبار نویسوں کے اعزاز میں دیئے گئے ایک افطار ڈنر میں نوائے وقت سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ جے آئی ٹی نے تسلیم کیا ہے کہ تصویر ان کے کسی ایک رکن نے لیک کی لیکن وہ اس رکن کا نام لینے سے گریز کر رہے ہیں۔ جے آئی ٹی اپنی غلطیاں تسلیم کر رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کی توجہ ملک کی ترقی سے ہٹانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن حکومت ان سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے ملکی ترقی کے ایجنڈے پر پوری لگن سے کام کر رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کا کہ ہماری نیت اور دامن دونوں صاف ہیں۔ سازشیں کرنے اور الزامات لگانے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ آئی این پی، صباح نیوز کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ خودمختار ادارہ ہے اس کی تکریم ارکان پارلیمنٹ بناتے ہیں، اپوزیشن جتنا فعال کردارادا کرے گی پارلیمنٹ اتنی مضبوط ہوگی، سعودی اتحاد کے معاملے پر وزیردفاع اپنا موقف دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تحفظات کا اظہار شریف فیملی کا حق ہے۔ اسلام آباد میں لگے بینرز سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، یہ بینرز صرف وزیراعظم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہیں۔ تمام سروے کے مطابق محمد نوازشریف مقبول ترین لیڈر ہیں۔ مزید برآں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے پانامہ پیپرز سے متعلق مقدمے میں وزیراعظم نواز شریف کا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے فیصلے سے پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔ اے پی پی کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا پروفیشنل اور قانونی مسائل کو حل کرنے کیلئے پیمرا اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے درمیان موثر معاونت اور مشاورت ضروری ہے۔ انہوں نے پی بی اے اور پیمرا کے درمیان مقدمے بازی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کو تنازعات کے حل کیلئے پیمرا قوانین میں موجود مشاورت کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وزیر مملکت نے کہا حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور ملک میں آزاد اور ذمہ دار میڈیا کی ترقی کیلئے سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گی۔