جمہوریت کا دفاع کریں گے‘ مفاد پرستوں کے جانے سے فرق نہیں پڑتا: بلاول
لاہور+ حافظ آباد (خبر نگار+نمائندہ نوائے وقت) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ایک ہفتہ قیام کے بعد لاہور سے اسلام آباد چلے گئے۔یہاں وہ بلاول بھٹو آج سفارتکاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ کل 15 جون کو زرداری ہائوس میں پی پی پی راولپنڈی ڈویژن کے عہدیداروں کا اجلاس اور افطار ڈنر ہوگا جس کے بعد بلاول بھٹو سولہ جون کو پشاور اور 20 کو کوئٹہ میں دونوں صوبوں کے ڈویژنل اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ حافظ آبادکے پارٹی وفد سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے۔ اسکی تاریخ بے شمار قربانیوں اور سرخ خون سے بھری پڑی ہے۔ وفد میں ڈاکٹر معراج دین، سید مصدق حسین غزنوی، رانا آفتاب احمد، محمد شفیق راہی، آصف قادری، محمد یٰسین شامل تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی مفاد پرست کے پارٹی سے جانے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جنوبی پنجاب کے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو میں بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے لیے ایک امید ہے اور ووٹر توقع رکھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ملک کو اندرونی اور بیرونی بحران سے نکال سکتی ہے۔ حکمران کسی غلط فہمی میں نہ رہیں آئندہ عام انتخابات میں چھانگا مانگا یا رحیم یار خاںکی تاریخ دہرانے اور عوام کے ووٹ کا تقدس پامال کر کے انتخابی رزلٹ تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی۔ پیپلزپارٹی جمہوریت اور آئینی اداروں کے تحفظ کا بھرپور دفاع کرے گی۔ پانامہ کیس میں مسلم لیگ (ن) اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اب سوال یہ نہیں کہ عدالیہ اور جے آئی ٹی کیا کریگی۔ سوال یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) آج کیا کرنے جا رہی ہے، تاریخ ایک مرتبہ پھر خود کو دہرانے جا رہی ہے اور لگتا ہے کہ مسلم لیگ (نض پھر سے سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں بلاول کی زیرصدارت اجلاس میں سعودی عرب، قطر صورتحال اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا وزیراعظم کی جے آئی ٹی میں طلبی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔