• news

پاکستان‘ افغانستان میں ثالثی‘ چینی وزیر خارجہ جلد کابل کا دورہ کریں گے: افغان صدر

کابل+ واشنگٹن ( نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) افغان صدارتی دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چینی وزیر خارجہ کا دورہ کابل جلد متوقع ہے۔ دورہ پاک افغان تعلقات کی بحالی کیلئے ہو گا۔ چینی وزیر خارجہ افغان حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور پاک افغان، چین امریکہ اجلاس کے امکانات پر بات کریں گے۔ افغان صدر نے کہا کہ چین پہلی بار افغان امن عمل میں ثالث بننا چاہتا ہے۔ نائب ترجمان صدر نے کہا ہے کہ مشترکہ اجلاس گزشتہ اجلاسوں سے مختلف ہو گا۔ آن لائن کے مطابق چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لئے ثالثی کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ این این آئی کے مطابق امریکہ کے وزیر دفاع نے قطر اور خطے کے دیگر عرب ملکوں کے درمیان جاری سفارتی تنازع کو ایک مشکل صورت حال قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنازع کے حل کے لیے امریکہ کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ افغانستان کی صورت حال سے متعلق امریکی صدر کو جلد اپنی تجاویز پیش کروں گا۔ امریکہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ افغانستان سے متعلق اپنی پالیسی میں بھارت، پاکستان اور ایران سے اپنے تعلقات کو مد نظر رکھے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں ہونے والی سماعت کے دوران بیان دیتے ہوئے جیمس میٹس کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ قطر کے امیر شیخ ثانی کو وراثت میں ایک انتہائی مشکل اور سخت صورت حال ملی ہے لیکن وہ معاشرے کو صحیح سمت میں لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ صورت حال کی پیچیدگی سے قطع نظر کسی بھی طرح کے دہشت گرد گروہ کو مالی مدد کی فراہمی نظر انداز نہیں کی جاسکتی۔

ای پیپر-دی نیشن