• news

ہنگو کی تحصیل ٹل میں امریکی ڈرون حملہ‘ حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر ابوبکر ساتھی سمیت ہلاک

ہنگو ( نا مہ نگار +صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل میں امریکی ڈرون حملہ میں حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر ابوبکر ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا۔ سرکاری افسرکا ملبہ ایک دوسرے کے علاقوں پر ڈالنے میں مصروف رہے۔ سرکاری ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کے روز سحری کے وقت سپین ٹل میں امریکی ڈرون طیارے سے حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر ابوبکر کے گھر پر 2میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں کمانڈر ابوبکر ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا۔ علاقے کے لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ حملے کے بعد بھی امریکی ڈرون علاقے میں نچلی پرواز کر رہے تھے جس سے عوام میں خوف وہراس پھیل گیا۔ سپین ٹل کے ساتھ تین ایجنسیوں اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان ایجنسی سمیت ایک سیٹل ایریا ضلع ہنگو کا بارڈر بھی جڑا ہوا ہے تا ہم ڈی ایس پی ٹل شوکت بخاری نے ہنگو کے حدود میں ڈرون حملے سے لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اورکزئی اور ہنگو کے سرحدی علاقہ لیول کلے میں ہوا۔ یہ علاقہ اورکزئی ایجنسی کی حدود میں آتا ہے جبکہ دوسری طرف پولیٹیکل انتظامیہ اورکزئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ واقعہ تحصیل ٹل کی حدود میں پیش آیا ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جس ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ‘ وہ اورکزئی ایجنسی کے حدود میں آتا ہے۔ کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب ڈرون حملہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن