اسلام آباد:نوازشریف کی پیشی‘ طاقت دکھانے کے لئے گلو بٹ تیار کئے جا رہے ہیں: عمران
اسلام آباد+ لاہور (ایجنسیاں+ خصوصی نامہ نگار) عمران خان نے کہا کہ اطلاع ہے کہ مسلم لیگ طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے گلو بٹ تیار کررہی ہے، پہلے ہی موٹو گینگ جے آئی ٹی کو دھمکیاں دے رہا ہے وہ بھی قابل مذمت ہے۔ بالآخر طاقتور قانون کے دائرے میں آرہے ہیں عمران خان نے ٹویٹ میں کہا کہ ہم جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کو یقین دلاتے ہیں کہ قوم انکے پیچھے کھڑی ہے۔ نوازشریف کی جے آئی ٹی میں پیشی پر مسلم لیگ (ن) طاقت دکھانے کا پروگرام بنا رہی ہے۔ جے آئی ٹی کے سامنے تماشا لگانے کی اجازت نہیں دینگے۔ قانون کی حکمرانی کیلئے طاقتور کو قانون کے تابع لایا جارہا ہے۔ عمران خان سے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ون آن ون ملاقات کی۔ پی ٹی آئی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرے گی۔ اب وہاں مظالم و بربریت کی انتہا ہوچکی ہے۔ قبل ازیں عمران خان نتھیا گلی پہنچ گئے وہاں انہوں نے نماز ظہر کی امامت کی اور دوستوں کے ساتھ لڈو کھیلی۔ اس دوران ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بحث ہوئی۔عمران خان نے جے آئی ٹی کی رپورٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ تمام حکومتی ادارے ملکر انصاف کی راہ میں کس طرح رکاوٹ بن رہے ہیں، رپورٹ میں سب بتایا گیا ہے۔ کس طرح حکومتی ادارے وزیراعظم کو بچا رہے ہیں۔ جب جے آئی ٹی بنی تو اسی لئے نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ دھاندلی پر جب جوڈیشل کمشن بنایا گیا تھا تب بھی ہم نے یہی طریقہ دیکھا تھا۔ الیکشن کمشن نے مسلم لیگ (ن) کو بچانے کیلئے دستاویزات میں جعلسازی کی۔