’’قدم بڑھائو نوازشریف ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘ جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف بینر آویزاں
( مہر علی خان) وزیر اعظم نوازشریف کی جے آئی ٹی میںپیشی سے قبل فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر سڑکوں کی تعمیر اور تزین و آرائش شروع ہو گئی۔ وزیراعظم نواز شریف کی حمایت میں بینر آویزاں کر دئیے گئے،پولیس کے 500 اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ رینجرز اہلکار بھی جوڈیشل اکیڈمی کے باہر موجود ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے ملازم سڑکوں کے اطراف لگے درختوں کے بناؤ سنگھار اور جوڈیشل اکیڈمی جانے والی سڑک سے جھاڑیوں کو ہٹانے میں مصروف ہیں جبکہ فٹ پاتھ پر نئی گھاس بھی لگائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی کا کام کرنے والے ورکرز سڑکوں اور گرین بیلٹس کے اطراف سے کوڑا کرکٹ بھی صاف کریں گے۔وزیر اعظم کی جے آئی ٹی آمد سے پہلے جوڈیشل اکیڈمی کی مرکزی سڑک کی مرمت کا عمل بھی شروع ہوگیاہے ، علاقے کی صفائی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے ریڈ زون اورخاص طورپروفاقی جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف وزیراعظم نوازشریف کی حمایت میں بینر آویزاں کئے گئے ہیں۔ بینرزمیں وزیراعظم نوازشریف کے علاوہ مریم نوازاورشہباز شریف کی تصاویربھی ہیں جب کہ ان پر’’قدم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘ درج ہے۔ وزیر اعظم کی سکیورٹی کا پلان مرتب کر لیا گیاہے۔ وزیراعظم ہاوس سے فیڈرل جو ڈیشل اکیڈمی تک 500 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔جبکہ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر رینجرز اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔15 جون کی سیکیورٹی آپریشن ڈویژن اور سیکیورٹی ڈویژن کے سپرد ہو گی۔آپریشن ڈویژن فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی جبکہ سیکیورٹی ڈویژن فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اندر سیکیورٹی انتظامات سنبھالے گی۔وزیراعظم کو بلیوبک کے مطابق سکیورٹی فراہم کی جائے گی، فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف عام افراد کا داخلہ بند ہوگا۔