اسلام آباد: حسین نواز پیشی پر زبردستی جوڈیشل اکیڈمی داخلے کی کوشش کے مقدمہ میں چودھری غفور کی ضمانت
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی عدالت نے جے آئی ٹی کے سامنے وزیراعظم کے بیٹے کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی حصار کو جبری طورپر عبور کرکے جوڈیشل اکیڈمی میں داخلے کی کوشش کرنے والے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چودھری عبدالغفور کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد عدنان نے ایم ڈی چودھری عبدالغفور کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دلائل سننے کے بعد 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ ان کیخلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ درج ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز کی جے آئی ٹی کے سامنے پانچویں پیشی کے موقع پر ایم ڈی پی ٹی ڈی سی بھی وہاں آئے اور منع کرنے کے باوجود سکیورٹی حصار کو جبری طورپر عبور کرکے جوڈیشل اکیڈمی میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔