بنگلہ دیش میں طوفانی بارشیں لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی 5 فوجیوں سمیت 134 ہلاک
ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ + بی بی سی + آئی این پی) بنگلہ دیش میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ سے 134 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ کئی گھر تباہ ہو گئے ۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی علاقوں سے زمینی رابطے کے ذرائع منقطع ہو گئے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ظاہر کر دیا۔ بنگلہ دیش میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جنوب مشرقی علاقے میں گزشتہ روز شروع ہونے والی بارشوں کے باعث کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ لینڈ سلائیڈنگ سے زیادہ تر ہلاکتیں ضلع رنگامتی اور بندر بن میں ہوئی ہیں۔ 3 پہاڑی اضلاع رنگ متی‘ چٹاگانگ اور بندر بن زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سنٹر کے سربراہ نے بتایا بعض مقامات تک رسائی نہیں ہو سکی۔ مرنے والوں میں 5 فوجی بھی شامل ہیں۔ ٹیلیفون اور ٹرانسپورٹ لنکس کٹ گئے۔ مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔ امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دریائوں میں طغیانی اور بارشوں کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے۔