والد کے بوجھ کے ساتھ بلاول پارٹی بحال کر سکتے ہیں نہ سیاست: ناہید خان
اسلام آباد (بی بی سی) بے نظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے والد کے بوجھ کے ساتھ نہ پارٹی کو بحال کر سکتے ہیں نہ سیاست میں کچھ کر سکتے ہیں۔ ناہید خان اور سابق سینیٹر ڈاکٹر صفدر عباسی نے مشترکہ انٹرویو میں بلاول بھٹو کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر کہا کہ 'بلاول کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ یا تو وہ زرداری بن جائیں یا پھر بھٹو بن جائیں۔ ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ بلاول ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ اور بے نظیر بھٹو کا بیٹا ہے جس کی وجہ سے ان پر بہت سی ذمہ داریاں اور فرائض عائد ہوتے ہیں جو ان کو ادا کرنے ہیں۔ آصف زرداری نے محترمہ کی زندگی میں بھی اور اس کے بعد بھی پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا۔ زرداری صاحب کو پارٹی نے بہت کچھ دیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ وہ پارٹی پر رحم کریں اور اس کی جان چھوڑ دیں۔ بلاول کے لئے یہ بڑا مشکل اور کڑا وقت اور امتحان ہے۔ پارٹی کی بحالی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پارٹی اسی صورت میں چل سکتی ہے اگر پارٹی کے فسلفے کو اجاگر کیا جائے۔ پارٹی صرف موروثیت پر نہیں چل سکتی۔ صفدر عباسی نے کہا کہ آصف علی زرداری اس وقت اقتدار میں ہیں اگر ان کی جماعت اقتدار میں نہ رہی تو وہ نواب شاہ میں جا کر سیاست بھی نہیں کر پائیں گے۔ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادیوں کے بارے میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ ان کے ساتھ چلنے کو تیار ہوں گے اس پر ناہید خان اور صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ ان کی دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں لیکن انہیں اپنی صلاحیتوں کو منوانا پڑے گا۔ ڈاکٹر عباسی نے کہا پارٹی کو جمہوری اقدار اور جمہوری روایات کو مضبوط کر کے ہی آگے لے جایا جا سکتا ہے۔ ناہید خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ اب بہت باشعور ہو گئے ہیں اور موروثی سیاست اب نہیں چل سکتی۔
ناہید خان