• news

شنگھائی تعاون تنظیم ہیڈ کوارٹرز پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا‘ امن تری کی طاقتوں کیساتھ ہیں : سیکرٹری جنرل

بیجنگ /اسلام آباد (اے پی پی) شنگھائی تعاون تنظیم کے ہیڈکوارٹرز پر تنظیم کے نئے رکن ممالک پاکستان اور بھارت کے قومی پرچم لہرا دیئے گئے۔ اس موقع پر تنظیم کے سیکرٹری جنرل رشید علیموف، چین میں پاکستان کے سفیر خالد مسعود ، چین میں بھارت کے سفیر وجے گوکھالے، تنظیم کے مبصر ممالک کے سفیر ، چینی وزارت خارجہ کے نمائندے اور دیگر سینئر سفارتی حکام بھی موجود تھے۔ اپنے خیر مقدمی خطاب میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے کہا آج سے 16برس قبل سیاسی نقشے پر شنگھائی تعاون تنظیم کا ظہور ہوا۔ پرامن ہمسائیگی، اتحاد اور ترقی کے اہداف تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعلقات کی بنیاد ہے اور ان اغراض و مقاصد کی بنیاد پر بین الاقوامیت کی طرز حیات میں اس تنظیم کو ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا حال ہی میں قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقدہ سربراہی اجلاس میں پاکستان اور بھارت کو تنظیم کے مکمل رکن بنانے کا تاریخی فیصلہ کیاگیا۔ آج شنگھائی تعاون تنظیم کے دن کے موقع پر ہم یہاں جمع ہوئے ہیں تاکہ ہم اپنے نئے مکمل رکن ممالک کے پرچم لہرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا آج کے بعد ایس سی او کے پرچم کے علاوہ 8رکن ممالک کے پرچم ایک ساتھ لہرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ایس سی او کو اپنی کامیابیوں پر فخر ہے تاہم آج کی عالم گیر دنیا میں کوئی بھی ملک یاتنظیم مسائل حل نہیں کرسکتی، جب بھی دنیا کو خطرات اور چیلنجوں کا سامنا ہو گاشنگھائی تعاون تنظیم برائی کی طاقتوں کے خلاف اور امن، خوشحالی، ترقی اور استحکام کی قوتوں کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ انہوںنے کہا اقوام متحدہ کے چارٹر کے اندر رہتے ہوئے کام کررہی ہے ۔ اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا کہ آج پرچم لہرانے کی یہ تقریب پاکستان کے لئے ایک نئے سفر کی نوید ہے۔ یہ کامیابی اور خوشی کے لمحات ہیں اور ہم مستقبل میں اس دن کو خصوصی طورپر یاد رکھیں گے۔ جب ہم نے ترقی، امن، خوشحالی اور استحکام کے لئے ایس سی او کے ساتھی ممالک کے ساتھ سفر کاآغاز کیا۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور اغراض و مقاصد کی تکمیل کے لئے پاکستان کے مکمل عزم کااعادہ کیا اور کہاکہ علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے لئے پاکستان کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔

پاکستانی پرچم

ای پیپر-دی نیشن