• news

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو کی بل گیٹس سے ملاقات، مہم پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو کی بل گیٹس سے ملاقات، مہم پر تبادلہ خیال
نیو یارک (صباح نیوز) وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سنیٹر عائشہ رضا فاروق جو پولیو کے عالمی فورم میں شرکت کرنے کے لیے امریکہ کے دورے پر ہیں نے انٹلانٹا میں مائیکروسافٹ کے بانی اور بل ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دنیا کو پولیو سے پاک کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سنیٹر عائشہ رضا فاروق نے حکومتوں اور اداروں کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے لیے 1.2 بلین ڈالر فراہم کرنے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے دنیا کے مختلف ممالک میں اس مرض کے خلاف مہم کو تقویت حاصل ہو گی۔ انہوں نے دنیا میں پولیو کے خاتمے کے نیک مقصد کے لیے اور کرہ ارض سے پولیو کو پاک کرنے کی کوششوں میں مدد کرنے پر بل گیٹس کو خراج تحسین پیش کیا، سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے بل گیٹس کو بتایا کہ پاکستان میں اعلیٰ ترین قیادت کی دلچسپی اور عزم کی وجہ سے یہ مرض خاتمے کے قریب ہے۔ ہم 306 کیسز سے کم کر کے پولیو کو 2 کیسز پر لے آئے ہیں جلد خاتمہ ہو جائے گا ، اس موقع پر بل گیٹس نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ عالمگیر مہم کے نتیجے میں ایک کروڑ 60 لاکھ بچے معذور ہو سکتے تھے آج اپنے پائوں پر چل رہے ہیں۔ اضافی فنڈنگ سے ہمیں دنیا بھر سے پولیو کے ہمیشہ کے لیے خاتمے میں مدد ملے گی۔ پولیو کا عالمی پروگرام 45 کروڑ بچوں تک پولیو ویکسین پہنچاتا ہے اور 70 ممالک میں پولیو وائرس کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ اس موقع پر سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور بل گیٹس کے درمیان بچوں کی 9 بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

عائشہ رضا

ای پیپر-دی نیشن