• news

;انصاف میں رکاوٹ ڈالنے پر ٹرمپ سے تحقیقات، امریکی صدر برس پڑے

واشنگٹن (بی بی سی+ نیٹ نیوز) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ خصوصی وکیل رابرٹ مولر صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے انصاف میں ممکنہ رکاوٹ ڈالنے کے حوالے سے تحقیق کر رہے ہیں۔ ادھر ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ تحقیق بہت تکلیف دہ ہے۔ اخبار کا نامعلوم حکام کے حوالے سے کہنا ہے کہ تین سینئر انٹیلی جنس اہلکاروں نے مولر کے تفتیش کاروں کو انٹرویو دینے سے اتفاق کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی کا اخبار کو خفیہ طور پر معلومات دینا اشتعال انگیز ہے۔ واضح رہے کہ رابرٹ مولر امریکہ کے صدارتی انتخاب میں روس کے مبینہ طور پر اثرانداز ہونے اور ٹرمپ کے اس حوالے سے کسی بھی تعلق سے متعلق ایف بی آئی کی جانب سے کی جانے والی تفیتش کی نگرانی کر رہے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ نے بدھ کو رابرٹ مولر کی جانب سے صدر ٹرمپ سے تفیش کرنے کے فیصلے کو ایک اہم موڑ قرار دیا۔ اخبار کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حکام کےحوالے سے کہنا تھا کہ ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس ڈینیئل کوسٹ، نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سربراہ مائیک روجرز اور ان کے نائب رچرڈ لیجیٹ نے مولر کے تفتیش کاروں کو انٹرویو دینے سے اتفاق کیا ہے۔ اخبار کا مزید کہنا ہے کہ اس کا آغاز رواں ہفتے ہو سکتا ہے۔ ان اہلکاروں نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ انصاف میں ممکنہ رکاوٹ کا آغاز صدر ٹرمپ کی جانب سے رواں برس نو مئی کو ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی کو برطرف کرنے کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھا۔ جیمز کومی کو برطرف کرنے سے قبل صدر ٹرمپ نے ان سے اس بات کی یقین دہانی حاصل کی تھی کہ ان کے خلاف تحقیقات نہیں کی جا رہی ہیں۔
ٹرمپ تحقیقات

ای پیپر-دی نیشن