• news

قوم کے ذہنوں سے مایوسی کا خاتمہ حکومت کا اہم ہدف ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت نے پاکستان کا روشن اور حقیقی چہرہ مسخ کرنے کی مذموم کوشش کی، پاکستان کو پر امن اور گھٹن سے پاک معاشرے کے طور پر پوری دنیا میں پہچانا جانا چاہیے، ہماری ہمہ جہت ثقافت کو لہو رنگ کیا گیا اور منفی رجحانات پیدا کرنے کی افسوسناک کاوش ہوئی، قوم کے ذہنوں سے مایوسی کا خاتمہ ہماری حکومت کا ایک اور اہم ہدف ہے، موجودہ حکومت دیگر اداروں کی طرح فلمی صنعت کو بھی بحال کر کے ہی دم لے گی، فلمی صنعت کی بحالی قوم کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے اور منفی رجحانات کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کریگی، اچھی فلموں سے جمہوری ، پر امن ،روشن خیال اور اجتماعی معاشرے کی بہترین تصویر کشی کی جا سکتی ہے، جلد لاہور میں فنکاروں اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات سے مشاورت کا ایک اور دور ہو گا، وزیراعظم پیکیج کے تحت نیشنل فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کمیشن اور نیشنل فلم انسٹیٹیوٹ اور اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وہ جمعہ کو ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد سے ملاقات میں گفتگو کر رہی تھیں، ملاقات میں فلم ، پروڈکشن، براڈکاسٹنگ پالیسی اور فلمی صنعت کی بحالی کے حوالے سے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات اور اعلان کردہ پیکیج پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پروزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلم کے جدید تخلیقی ذریعہ کو اپنی ثقافت ،ورثہ ،روایات اور سکرین ٹورزم کی ترویج کیلئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،پاکستان کو پر امن اور گھٹن سے پاک معاشرے کے طور پر پوری دنیا میں پہچانا جانا چاہیے،گذشتہ کئی برسوں کی دہشت گردی کی عفریت نے پاکستان کا روشن اور حقیقی چہرہ مسخ کرنے کی مذموم کوشش کی۔ اچھی فلموں سے جمہوری ، پر امن، روشن خیال اور اجتماعی معاشرے کی بہترین تصویر کشی کی جا سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن