اسلام آباد:66 غیر ملکی این جی اوز رجسٹرڈ‘10 کو این او سی نہ جاری کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وزارت داخلہ نے 66 غیرملکی این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی اجازت دے دی، 10 این جی اوز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے دیگر 36غیر ملکی این جی اوز کو کام کرنے کی اجازت دینے سے متعلق فیصلہ ہونا باقی ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ہدایت کی ہے کہ نئے قواعد و ضوابط کے تحت درخواست گزار تمام غیر ملکی این جی اوز کی حتمی رجسٹریشن کا عمل آئندہ ماہ تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ نئے نظام کے تحت انٹرینشنل این جی اوز کی رجسٹریشن کے عمل کی تکمیل ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا جس سے اس نظام میں مکمل شفافیت آئے گی جو کہ پاکستان کی سیکیورٹی اور سلامتی کے لئے نہایت اہم ہے۔ وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ کی زیر صدات اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وزیر داخلہ نے کہا کہ ماضی میں آئی این جی اوز کو جن مقاصد کے لئے استعمال کیا جاتا رہا اور جس طرح یہ پورا عمل عدم توجہ کا شکار رہا اس سے نہ صرف آئی این جی اوز کی اپنی ساکھ متاثر ہوئی بلکہ حکومت اور اداروں کے درمیان بھی اعتماد کا فقدان پیدا ہوا اور جس سے متعدد غلط فہمیوں نے جنم لیا۔ نئے نظام کے تحت آنے والی شفافیت نہ صرف ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کرنے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ اس سے حکومت اور آئی این جی اوز کے باہمی اعتماد کی بحالی اور سماجی اور معاشی شعبوں میں مل کر کام کرنے کی فضا ہموار ہوگی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جن آئی این جی اوز کو کام کرنے سے روک دیا جائے گا انکو تین ماہ کی رعایتی مدت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے جاری منصوبے مکمل کر سکیں۔علاوہ ازیں وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے اپنی وزارت کی طرف سے دو مغوی چینی باشندوں کے قتل کے حوالے سے بیان کی نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی باشندوں کی ہلاکت کی تا حال تصدیق ہونا باقی ہے۔ سکیورٹی اور خفیہ ایجنسیاں دونوں کے اغوا کے واقعہ پر تحقیقات کر رہی ہیں اور مغویان کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈال دی گئی ہیں تا کہ کیس کے حوالے سے کسی نتیجہ پر پہنچا جا سکے اس کے بعد تصدیق ہو گی کہ دونوں چینی باشندے زندہ ہیں یا ان کی موت ہو چکی ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والے دونوں چینی باشندوں کو پولیس نے کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد سے حراست میں لے لیا تھا اور انہیں نا صرف سکیورٹی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا بلکہ انہیں پولیس کی سکیورٹی بھی فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے سکیورٹی سے انکار کر دیا ۔ حکومت نے فوری اقدام کرتے ہوئے اس کورین باشندے کا پاکستانی ویزا منسوخ کر دیا ہے جسے دونوں چینی باشندے ملنے کیلئے گئے تھے ۔