ارکان پارلیمنٹ کا ریکارڈ کسی بھی ادارے کو دینے پر پابندی‘ چوری یا پھیلائو کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں: الیکشن کمشن
اسلام آباد(صباح نیوز+نوائے وقت نیوز)الیکشن کمشن نے ارکان پارلیمنٹ کا تمام ریکارڈ محفوظ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمشن بابریعقوب فتح محمد کے مطابق ریکارڈ کی چوری یا پھیلائو کے سنگین نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ کے زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ خصوصی طور پر محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمدرضاخان کی ہدایت پر سیکرٹری الیکشن کمشن کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں تمام الیکشن کمشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ الیکشن کمشن کے پاس ارکان پارلیمنٹ سے متعلق جو ریکارڈ ہے اسے محفوظ بنایا جائے اور ریکارڈ کی چوری یا پھیلائو کو روکا جائے۔ سیکرٹری الیکشن کمشن کی اجازت کے بغیر کسی بھی رکن پارلیمنٹ کا ریکارڈ کسی بھی ذریعہ سے باہر دیا گیا تو اس کے سنگین نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔ حکم نامہ میں جے آئی ٹی میں ارکان کے زیر سماعت مقدمات کاریکارڈخصوصی طور پر محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ارکان پارلیمنٹ کا ریکارڈ کسی غیر متعلقہ شخص کو الیکشن کمشن کی اجازت کے بغیر نہیں دیا جائے گا۔ حکم نامے میں ارکان پارلیمنٹ کا ریکارڈ کسی بھی ادارے کو دینے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا الیکشن کمشن ارکان پارلیمنٹ کے ریکارڈ کا محافظ ہے۔