مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ‘ کمانڈر سمیت6 نوجوان شہید‘ حملے‘ ایس ایچ او 7 اہلکار ہلاک
سرینگر(نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں ماہ مقدس کے دوران بھارتی درندگی عروج پر پہنچ گئی فائرنگ کرکے کمانڈر سمیت 3مجاہدین 3نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ نامعلوم افراد کی فائرنگ کے 3واقعات میں ایس ایچ او سمیت 8پولیس اہلکار مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بیج بہاڑہ کے علاقے اروانی میں بھارتی فورسز کی بھاری نفری نے ایک گھر کا محاصرہ کر لیا اور دعویٰ کیا کہ یہاں مجاہدین چھپے ہیں اطلاع پر سینکڑوں کشمیری باہر نکل آئے اور گھر کے گرد جمع ہو کر بھارتی فورسز کیخلاف نعرے بازی شروع کردی پتھرائو کیا۔ بھارتی فوجیوں نے مجاہدین کی فائرنگ اور کشمیریوں کے پتھرائو سے بچنے کیلئے 2نوجوانوں کو انسانی ڈھال بنا لیا۔ ان میں ایک نوجوان کو ہاتھ پیچھے باندھ کر زمین پر بٹھائے رکھا۔ فوجیوں نے مظاہرین پر اندھا دھند پیلٹ گن اور خطرناک اسلحہ سے فائرنگ اور شیلنگ کی جس سے 2نوجوان 22سالہ محمد اشرف اور 14سالہ احسان ڈار شہید 36شدید زخمی ہو گئے ان میں شہید احسان ڈار اور کئی زخمیوں کو پیلٹ کے درجنوں چھرے لگے بعد ازاں محاصرے میں لئے گھر کو دھماکے سے اڑا دیا اور دعویٰ کیا کہ فوج کی کارروائی میں کالعدم لشکر طیبہ کے کمانڈر جنید مٹو اور انکے 2ساتھی شہید ہو گئے تاہم رات گئے تک گھر کے ملبے سے جنید مٹو اور ساتھیوں کی نعشیں نہیں نکالی گئی تھیں۔ ادھر بانڈی پورہ میں بھارتی فوج نے بس پر فائرنگ کر دی جس سے 3کشمیری مسافر شدید زخمی ہو گئے قبل ازیں سری نگر کے علاقے رنگریٹ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوان نصیر احمد شہید ہو گیا۔ دریں اثنا اننت ناگ کے علاقے اچھا بل میں نامعلوم افراد نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ایس ایچ او تھانہ اچھا بل فیروز ڈار سمیت تمام 6پولیس اہلکار مارے گئے ڈی جی پولیس کشمیر ایس پی وید نے الزام لگایا کہ حملے کے پیچھے لشکر طیبہ کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مجاہدین نے ان میں پولیس اہلکاروں کے چہرے مسخ کر دیئے اور ہتھیار ساتھ لے گئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں سری نگر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہزاد صوفی جبکہ کولگام میں فائرنگ سے دوسرا اہلکار بشیر احمد ہلاک ہو گیا ادھر مقبوضہ کشمیر میں حالات پھر سخت کشیدہ ہونے پر انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کردی گئی۔ قبل ازیں نماز جمعہ کے بعد سری نگر حاجن سوپور اور دیگر شہروں میں سینکڑوں نوجوانوں نے باہر نکل کر بھارت مخالف مظاہرے کئے سری نگر کی جامع مسجد کے راستے سیل رہے۔ صباح نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس مقبوضہ علاقے میں امرناتھ یاترا کی سکیورٹی، کشمیری نوجوانوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور مظاہروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی غرض سے چھوٹے ڈرون خریدے گی اس کیلئے ٹینڈرز جاری کردیئے گئے۔ سی آر پی ایف کے سینئر عہدے دار نے سری نگر میں بتایا ہے کہ یاترا کے راستے خاص طور پر سرینگر جموں ہائی وے پر مزید بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے علاوہ چھوٹے ڈرون طیارے سکیورٹی کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔ سالانہ امرناتھ یاترا28جون سے شروع ہو رہی ہے۔