مقدمے میں تاریخ ملنے پر ملزم کی ماں ہائیکورٹ کے احاطے میں روتے روتے بے ہوش
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ضمانت کے مقدمے میں تاریخ ملنے پر اغوا کے ملزم کی ماں نے ہائیکورٹ کے احاطے میں بین کرنے شروع کر دیئے اور بے ہوش ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ میں ملزم علی حسنین کی درخواست ضمانت کو متعلقہ بنچ میں سماعت کیلئے بھجوایا گیا تو ملزم کی والدہ نے تاریخ ملنے پر اونچی اونچی رونا شروع کردیا۔ ملزم کے وکیل نے بتایا کہ کمپیوٹر کی غلطی کی بنا پر کیس متعلقہ بنچ کی بجائے منشیات سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کرنے والے بنچ میں لگا دیا گیا تھا۔ خاتون نے روتے ہوئے کہا منڈی بہائوالدین سے آنے کے باوجود لمبی تاریخیں ملتی ہیں ضمانت کی درخواست پر سماعت نہیں ہو رہی۔ خاتون نے بتایا کہ اس کے بیٹے پر فروا نامی لڑکی کو اغوا کا جھوٹا مقدمہ درج ہے اور وہ گذشتہ ڈیڑھ سال سے جیل میں بند ہے۔