خواجہ آصف سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات، وفاقی وزیر نے دورے کی دعوت قبول کر لی
اسلام آباد(آن لائن+نوائے وقت رپورٹ)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے تاجکستان کے سفیر شیرعلی جانوہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،توانائی کے شعبے میں تعاون اور دفاعی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کے دوران تاجکستان کے سفیر نے رواں سال جولائی میں وزیراعظم کے ہمراہ دورے کی دعوت دی جسے خواجہ محمد آصف نے قبول کرلی۔خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دورے میں توانائی سے متعلق معاملات پر بات چیت اور دوسرے باہمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کا بھی موقع ملے گا۔ خواجہ آصف نے تجویز دی کہ دوشنبے میں کاسا سمٹ وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں کی جائے۔ تاجک سفیر نے کہا کہ تجویز کا خیرمقدم کرتے ہیں متعلقہ افراد سے اس بارے میں بات کی جائے گی۔ کاسا سمٹ کا انعقاد جولائی میں ہونا ہے۔