فردوس عاشق اعوان کو بلیک میل کرنیوالے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) جوڈیشل مجسٹریٹ نے فردوس عاشق اعوان کو بلیک میل کرنیوالے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اسے جوڈیشل کر دیاہے۔فاضل عدالت نے ایف آئی اے کو ملزم کے خلاف درج مقدمہ کا چالان تیس جون کو پیش کرنے کاحکم بھی دے دیا ۔جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل کے روبرو ایف آئی اے نے ملزم حسیب زاہد کوگرفتار کر کے پیش کیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کیخلاف ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے پرائیویٹ سیکرٹری اکمل کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، ملزم احسن زاہد چودھری کے نام سے فیس بک پر اکائونٹ چلا رہا تھا اور اس اکائونٹ سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو بلیک میل کیا گیا جبکہ واٹس ایپ پر این اے 1111 کے نام سے بنائے گروپ میں بھی ڈاکٹر فردوس عاشق کو بدنام کیا گیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے فردوس عاشق اعوان کا تشخص مجروع کرنے کیلئے فیس بک پر پوسٹیں بھی شیئر کیں اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ایڈٹ شدہ تصاویر واٹس ایپ گروپ اور فیس بک پر اپ لوڈ بھی کیں لہٰذا ملزم حسیب زاہد سے مقدمہ کی مزید تحقیقات کیلئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے،ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے سابق رنجش پر ڈاکٹر فردوس کیخلاف مواد اپ لوڈ کیا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد استدعا مسترد کرتے ہوئے ایف آئی اے کو ملزم کے خلاف درج مقدمہ کا چالان تیس جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا اور ملزم کو جیل بھجوا دیا۔