عمران کوڑا سمیٹ رہے ہیں چوہدریوں کو شامل کرلیں، سرپرست زرداری کو بنائیں گے: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار+ نیٹ نیوز+ آئی این پی) وفاقی وزیر پانی وبجلی ودفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے عمران خان کو اقتدارکا نشہ ہے اسی وجہ سے وہ ملک کی جمہوریت کو نقصان پہنچارہے ہیںلیکن نہ تو عمران خان کبھی اقتدار میں آئیں گے اور نہ ہی وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی حکومت ختم ہوگی کیونکہ وہ عوامی لیڈر ہیں اور عوام نے ہی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرایا تھا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ چھائونی میں محمد رفیق مغل کی رہائش گاہ پر افطار پارٹی کے دوران خطاب کرتے ہوئے گیا۔رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام ، گلریز احمد شیخ ، عبدالجبار صدیقی ، شیخ عرفان ، محمد یاسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ خواجہ محمد آصف نے مزید کہا پاکستانی قوم باشعور ہے وہ اچھے او ربرے کو سمجھتی ہے اسی وجہ سے آج تک قوم نے عمران خان جیسے لوگوں کو نظر انداز کیا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک وقوم کی خدمت کی ہے خدمت کا سفر اب بھی جاری ہے ۔ انہوں نے سیالکوٹ کے شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا شہریوں نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن)کوکامیاب کرایا ہے، انہوں نے مزید کہا حکومت اوردوسروں پر تنقید کرنے والے اپنی جماعت میںموجود اختلافات کو تو ختم کرالیں کیونکہ نہ تو مخالفین کی جماعت میں کسی کی کوئی عزت ہے اور نہ ہی انہیں ملک وقوم کی تعمیر وترقی اور خوشحالی سے کوئی دلچسپی ہے ۔انہوں نے مزید کہا 2018ء کے عام انتخابات میں بھی فتح مسلم لیگ کی ہوگی اور مخالفین خواب دیکھتے رہ جائیںگے ۔ نیٹ نیوز کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا تحریک انصاف پیپلز پارٹی میں ضم ہونے جا رہی ہے، عمران خان اپنی پارٹی کا سرپرست اعلیٰ آصف زرداری کو بنائیں گے، انہوں نے کہا سیاست کا سارا کوڑا کرکٹ عمران خان پی ٹی آئی میں سمیٹ کر لے جا رہے ہیں، عمران کو اب گجرات یاترا کر کے چوہدری برادران کو بھی اپنی پارٹی میں شامل کر لینا چاہیے، یہ سب کٹی پتنگوں کی طرح کرپشن کی پناہ گاہ میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا 2018ء سیاسی دنگل کا سال ہے۔ عام انتخابات میں ایک مرتبہ پھر قوم میاں محمد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کریگی ۔کوئی کیا کہتا ہے کرتا ہے ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہمیں ملک کی خدمت کرنا ہے۔ ہم نے چار سال قوم کی خدمت کی ہے اور خدمت ہی ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا سیالکوٹ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔ اور 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) عوام کے ووٹ کی طاقت سے خیبر سے کراچی تک جیتے گی۔