• news

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان‘ بھارت آج ٹکرائیں گے‘ عوام پرجوش ‘ فتح کے لئے دعائیں

لندن (صباح نیوز) پاکستان اور بھارت کے مابین آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ آج(اتوار کو )پاکستانی وقت کے مطابق اڑھائی بجے اوول کرکٹ گرائونڈ لند ن میں کھیلا جائیگا۔ قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد جبکہ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی بھارتی ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔گزشتہ روز اوول سٹیڈیم میں قومی ٹیم نے بیٹنگ فیلڈنگ اور بولنگ کی بھر پور پریکٹس کی۔ پہلے ٹریننگ سیشن میں بیٹسمینوں کو دھواں دھار بلے بازی کی خصوصی ٹپس دی گئیں۔ چیمپئنز ٹرافی کے بڑے میچ کی بڑی تیاریاں جاری ہیں۔ ٹریننگ سیشن میں فٹنس پر کوچز کی توجہ رہی اورفٹ بال کھیل کر شاہینوں نے وارم اَپ کیا۔نیٹ پر بلے بازوں کو رنزریٹ بڑھانے کی ٹپس دیں گئیں۔گیندوں کو بائونڈری کے باہر بھیجنے کے گر مکی آرتھر نے سکھائے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ جس گرائونڈ میں کھیلا جائیگا۔ اس میں جیت کے حوالے سے پاکستان ٹیم کا ریکارڈ بہتر نہیں، قومی کرکٹ ٹیم نے کینیگٹن اوول لندن کرکٹ گرائونڈ میں اب تک مختلف ٹیموں کے خلاف 9میچز کھیلے ہیں جس میں 2میں کامیابی حاصل کی اور 7میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔پاکستان ٹیم نے اس گرائونڈ میں انگلینڈ کے خلاف 5میچز کھیلے جس میں ایک میں کامیابی حاصل کی جبکہ 4میں شکست ہوئی ۔ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانیوالے تینوں میچوں میں پاکستان کو شکست ہوئی۔ زمبابوے کے خلاف ایک میچ کھیلا اور اس میں فتح حاصل کی ۔پاکستان بھارت ٹیمیں پہلی دفعہ اس گرائونڈ میں ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں گی ۔بھارت کی ٹیم نے اس گرائونڈ میں مختلف ٹیموں کے خلاف 14میچز کھیلے جس میں 5 میں کامیابی حاصل کی 8 میں شکست کھائی اور ایک میچ کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ پاکستان کی ٹیم پہلی دفعہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچی ہے ۔بھارت کی ون ڈے رینکنگ پاکستان سے بہت بہتر ہے ۔عالمی ون ڈے رینکنگ میں بھارت کا دوسرا اور پاکستان کا ساتواں نمبر ہے ۔بھارتی ٹیم پول میچ میں پاکستان کو ہرا چکی ہے لیکن پاکستان کی ٹیم دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیموں کو شکست دیکر فائنل میں پہنچی ہے اور فائنل میں جیت کیلئے پر امید ہے ۔بھارت کی ٹیم جو ماضی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز رکھتی ہے، کو فائنل میچ میں فیورٹ قرار دیا جارہا ہے لیکن پاکستان کی ٹیم کرکٹ کے پنڈتوں کے تمام اندازوں کو غلط کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ فائنل میچ کا بے تابی سے انتظا ر کررہے ہیں ۔ پاکستان بھارت میچ کیلئے شائقین کرکٹ کا جوش وخروش عروج پر ہے۔میچ کے ٹکٹ نایاب ہوگئے ہیںجبکہ ہر کوئی اس فائنل کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے بے تاب ہے۔جن لوگوں کے پاس ٹکٹ ہیں وہ منہ مانگی قیمت وصول کررہے ہیں۔توقع ہے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی جائیگی۔رومان رئیس کی جگہ محمد عامر ٹیم میں شامل ہوں گے۔ پاکستان لیگ سپنر شاداب خان کو ڈراپ نہیں کریگا حالانکہ بھارتی بیٹسمین سپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے چیمپئنز ٹرافی میںپاکستانی ٹیم نے جس طرح سے واپسی کی ہے وہ بہت ہی شاندار رہی ہے۔ پاکستان نے ان ٹیموں کو شکست دی جو حقیقت میں ان سے زیادہ مضبوط دکھائی دے رہی تھیں لیکن جس طرح انہوں نے بطور ٹیم میدان میں کھیلا اس سے ان کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔آن لائن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے چیمپئنز ٹرافی کے بھارت کے خلاف فائنل میچ میں پاکستان کی جیت چاہتے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹیوٹر پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پورے پاکستان کی جیت ہے۔ امریکی سفیر ڈیوڈ پیل نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مارکباد دی ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ ہماری نیک تمنائیں ٹیم پاکستان کے ساتھ ہیں۔ ڈیوٹ پیل پاکستانی کرکٹ ٹیم سوشل میڈیا پر اپنا پیغام جاری کیا امریکی سفارتخانہ نے فائنل میں پاکستانی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
لاہور (نیوز ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان بھارت فائنل میچ کیلئے شائقین کا جوش و خروش عروج پر ہے۔ شائقین کرکٹ فائنل میچ کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں اور سوائے کرکٹ کے اور کوئی بات نہیں ہو رہی۔ گھر گھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جیت کیلئے دعائیں مانگی جا رہی ہیں اور روزہ دار اپنی نمازوں میں بھارت سے فتح کیلئے دعا گو ہیں۔ عید کی تیاریوں کے ساتھ کرکٹ میچ کا فائنل دیکھنے کیلئے جگہ جگہ ایل سی ڈی اور بڑی سکرینوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے اور پاکستان بھارت معرکہ دیکھنے کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں اور میڈیا پر بھی صرف کرکٹ ہی کی خبریں چلائی جا رہی ہیں۔ شائقین فائنل میں پاکستان کی جیت کیلئے پرامید ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے اب تک کی کارکردگی میں اپنے سے بظاہر مضبوط ٹیموں کو شکست دی ہے اور کرکٹ ٹیم پنڈتوں کے تمام اندازوں کو غلط کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ فائنل میچ سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے اس لئے ڈاکٹروں نے کمزور دل حضرات کو میچ نہ دیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ لائن آف کرکٹ پر ٹرافی کا کانونٹ ڈائون شروع ہوگیا۔ کوہلی الیون کے پاس بیٹنگ کا ہتھیار ہے جبکہ شاہین بولنگ سے وار کریں گے۔ چھکا اوول کے میدان میں لگے گا شور پاکستان کی سڑکوں پر مچے گا۔ روایتی حریف وکٹیں گرائیں گے جس کے بھنگڑے لندن کی سرزمین پر ڈلیں گے۔ پاکستان بھارت کرکٹ میچ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے کروڑوں دیوانے ٹی وی سکرین پر میچ دیکھیں گے۔ سرفراز کے شیر پلٹ کر وار کرنے کو تیار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن