• news

قومی کھیل کی ترقی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں : خالد سجاد کھوکھر

لندن(چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قومی کھیل کی ترقی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کو مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ اچھے نتائج حاصل کی جا سکیں۔ گزشتہ روز ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل راونڈ میں کینیڈا کے خلاف میچ سے قبل صدر پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی اور ان سے ہالینڈ کے ہاتھوں ہونے والی شکست کی وجوہات پوچھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں جو کچھ ہو گیا اسے بھول کر ٹورنامنٹ کے اگلے میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے میدان میں اترا جائے۔ بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی آج بھی دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تمام کھلاڑی اپنی پوری جان کے ساتھ میدان میں اتریں اور حریف ٹیموں کو شکستوں سے دوچار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی لہٰذا کھلاڑی کسی بھی قسم کی پریشانی کے بغیر کھیل پر توجہ دیں انشااﷲ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ صدر فیڈریشن نے ٹیم کے کوچنگ سٹاف کو بھی ہدایت کی کہ ایک میچ میں ناکامی سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، فیڈریشن کا آپ لوگوں پر مکمل اعتماد ہے لہٰذا پوری ذمہ داری کے ساتھ ٹیم کو کھلائیں۔ بریگیڈئر (ر) خالد سجاد نے ہالینڈ کے خلاف ناقص پیش کرنے پر کھلاڑیوں کو انفرادی کھیل پیش کرنے کی بجائے ٹیم ورک کے ساتھ کھیلنے کی ہدایت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن