رائے ونڈ: محلہ چودھری غلام سرور میں بجلی کی لٹکتی تاریں‘ کسی بڑے حادثہ کا خدشہ
رائیونڈ (نامہ نگار ) رائے ونڈ خورد محلہ چودھری غلام سرور میں واپڈا کی غفلت کے نتیجہ میں گلیوں میں سروں کو چھوتی بجلی کی تار شہریوں کیلئے خوف کا باعث بن چکی ہیں، آئے روز خطرناک واقعات جنم لے رہے ہیں، مقامی واپڈا حکام کی طرف سے اس نوعیت کی اہم عوامی شکایات کا کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا ،مذکورہ محلہ میں بجلی کی تار جال کی شکل میں لٹکی ہوئی ہیں ، قبل ازیں اسی محلہ میں ایک شخص سے کرنٹ لگنے کے باعث موت کی وادی میں جاپہنچا تھا‘ جبکہ گزشتہ روز اکرم نامی شخص موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے تار کے ساتھ چھو گیا جس کو بجلی کے کرنٹ کا شدید جھٹکا لگا اور وہ موٹر سائیکل سے گر کر بے ہوش ہوگیا۔ اس حوالے سے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے محلہ کے نوجوان مسلم لیگی رہنما چودھری احسان الحق نے کہا کہ محلہ میں ایک دینی مدرسہ خدیجۃ الکبری بھی واقع ہے۔