• news

علماءخالصتاً اسلامی معاشرے کے قیام کیلئے روڈ میپ دیں: وزیراعلیٰ خیبر پی کے

صوابی (نامہ نگار) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ جس طرح ہم صوبے میں نظام و سسٹم درست کرنے اور عوام کو ان کے دہلیز پر انصاف کی فراہمی کی بات کرتے ہیں تو وہاں اس کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی بھی بات کرتے ہیں اور اس کلئے صوبے کے علماءکرام ہماری رہنمائی کریں اور ہمیں روڈ میپ دیں کہ ہم ایک خالصتاً اسلامی معاشرے کے قیام کیلئے کیا اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی سہ پہر دارالقرآن پنج پیر میں سالانہ دورہ تفسیر کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ پرویزخٹک نے کہا کہ اس صوبے میں ایم ایم اے اور علماءنے بھی حکومت کی تھی‘ لیکن دین اسلام کیلئے کسی قسم کی خدمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں صوبے کے چار ہزار مساجد کو سولر سسٹم سے منسلک کرنے کیلئے دو ارب روپے مختص کر دیئے ہیں۔ اسی طرح دارالعلوم حقانیہ‘ جامعہ اضاخیل‘ جامعہ ڈاک اسماعیل خیل سمیت دیگر مختلف مدارس کیلئے کروڑوں روپے کی فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا۔ ادھر پرویزخٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ میڈیا کو چاہئے کہ وہ ہمارے اچھے کاموں کو بھی اجاگر کرے۔ نظام کی تبدیلی کا سفر کامیابی سے جاری ہے جسے عوام میں بہت پذیرائی ملی ہے۔ہمارے اقدامات سے غریب عوام کو براہ راست فائدہ ہو رہا ہے۔ وہ نوشہرہ پریس کلب کے صحافیوں میں نوشہرہ میڈیا کالونی میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز کی تقسیم‘ اخبار فروش یونین نوشہرہ کے صدر شیر زمان کو دس لاکھ روپے کے مالی امداد کا چیک دینے کی تقریب سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ خیبر پی کے

ای پیپر-دی نیشن