• news

یو ایس سرمایہ کاری سمٹ میں پہلی مرتبہ پاکستانی انویسٹرز کی شرکت خوش آئند ہے: امریکی سفیر

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ سیلیکٹ یو ایس اے سرمایہ کاری سمٹ میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت خوش آئند ہے، یہ سمٹ دونوں ممالک کے درمیان گہرے معاشی روابط کی جانب ایک اہم قدم ہے، پہلی دفعہ عالمی معیار کی حامل پاکستانی کمپنیاں سلیکٹ یو ایس اے انوسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کریں گی‘ امریکی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ صنعتی شعبے سے وابستہ سات بڑی پاکستانی کمپنیاں 18سے20 جون تک واشنگٹن میں منعقدہ سلیکٹ یو ایس اے انوسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کریں گی۔ امریکی سفیر نے کہا کہ یہ سمٹ امریکہ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی اور اہم کانفرنس ہے جس کے ذریعے بین الاقوامی کمپنیاں ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں تجارتی سرمایہ کاری میں سہولت کی غرض سے امریکی معاشی ترقی کے اداروں(ای۔ڈی۔اوز) سے رابطے کرتی ہیں۔ پاکستانی کمپنیوں کی صلاحیت اور بین الاقوامی پھیلاﺅ بشمول امریکہ میں دلچسپی کے مد نظر پاکستان کو سلیکٹ یو ایس اے کے لئے ایک ابھرتی ہوئی منڈی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ پاکستانی وفد میں دوسری کمپنیوں سمیت افیف گروپ، ڈولمن گروپ اور نشاط ملز کے نمائندگان شامل ہیں۔ امریکی وزیر تجارت ولبر راس نے کہا کہ امریکہ معاشی بحالی کے ایک نئے دور سے گزر رہا ہے۔ یہ ایک بہترین وقت ہے جب بین الاقوامی کمپنیاں امریکی منڈی میں شراکت دار تلاش کریں جو نئی منڈی میں انہیں قدم جمانے اور کاروبار میں اضافے میں مدد گار ثابت ہوں۔
امریکی سفیر

ای پیپر-دی نیشن