ورلڈ ہاکی لیگ، بھارت نے پاکستان کو 7-1 سے ہرا دیا
لندن (نمائندہ سپورٹس) ٹیم بدلی، کٹ کا رنگ بدلا نہیں بدلی تو پاکستان ہاکی ٹیم کی ہار کی عادت نہیں بدلی۔ لی ویلی پارک میں پاکستان ہاکی ٹیم کی ناکامیوں کی شرمناک داستان لکھی جا رہی ہے۔ ہالینڈ کیخلاف چار، کینیڈا چھ صفر اور بھارے کیخلاف بھی بڑے مارجن سے شکست نے پاکستان ہاکی کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بھارت نے پول میچ میں پاکستان کو سات ایک کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ پاکستان کی ورلڈ ہاکی لیگ مقابکوں میں یہ مسلسل تیسری ناکامی ہے۔ روایتی حریف بھارت کیخلاف پاکستان اور بھارت کے مابین کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی مسنگ اور ہم آہنگی کے فقدان نے بھارت کو حملوں کے کئی مواقع دیے۔ دو کوارٹرز کے اختتام پر بھارت کو تین صفر کی برتری حاصل تھی۔ بھارت کی طرف سے ہرمن سنگھ نے پہلا گول پنالٹی کارنر پر کیا دوسرا فیلڈ گول رمن دیپ اور تیسرا گول تلویندر نے کر کے اپنی ٹیم کی برتری تین صفر کر دی۔ بھارت کیطرف سے چوتھا گول پنالٹی کارنر پر ہرمن پریت نے کیا۔ بھارت کیطرف سے کھیل کے سینتالیسویں منٹ میں آکاش نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری پانچ صفر کر دی۔ انڈیا کیطرف سے چھٹا گول پردیپ نے سکور کر کے اپنی ٹیم کی برتری چھ صفر کر دی۔ پاکستان کیطرف سے آخری کوارٹر میں پہلا گول عمر بھٹہ نے کیا۔ آخری کوارٹر میں بھارت کیطرف سے ساتواں گول آکاش نے سکور کر دیا۔ روایتی حریفوں کے مابین ہاکی میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میچ کے دوران کہیں کہیں پاکستان زندہ باد کے نعرے سننے کو ملتے۔ سٹیڈیم میں مشہور زمانہ ملی نغمہ دل دل پاکستان بھی چلایا جاتا رہا۔بھارت کیخلاف سات ایک سے ناکامی کی بعد قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ پھٹ پڑے میچ کی بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کھلاڑی گول ہی نہیں کریں گے تو جیتیں گے کیسے آج سکاٹ لینڈ کیخلاف بھی گول کریں گے تو کامیابی ملے گی۔ جب کھلاڑی اوپن چانس مس کریں، دستیاب مواقع سے فائدہ نہ اٹھائیں تو میچ کیسے جیتیں گے۔ انہوں نے کہا اس ٹیم سے ایسی کارکردگی کی توقع نہیں تھی ہمارا خیال تھا صرف ہالینڈ کیخلاف ہمیں مشکلات پیش آئیں گی لیکن یہاں حیران کن طور پر پلئیرز کی پرفارمنس خراب رہی ہے۔ ہم نے تین میچوں میں 26 مواقع ضائع کئے۔ سینئر کھلاڑیوں کی ہاکی ختم نہیں ہوئی وہ فٹ ہیں تو کم بیک ہو سکتا ہے۔ ہاکی ٹیم کے کپتان عبدالحسیم خان کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ نہیں بگڑا آج کا میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا ہم نے خراب کھیل پیش کیا یہی وجہ ہے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔