پیوٹن نے سابق ایف بی آئی افسر جیمز کومی کو سیاسی پناہ کی پیشکش کر دی
ماسکو (آئی این پی ) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے امریکہ کے ایک اور سابق انٹیلی جنس افسر کو سیاسی پناہ دینے کی پیشکش کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک ٹی وی شو میں عوام کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے پیوٹن نے ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی کو روس میں سیاسی پناہ دینے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ روس امریکہ کو اپنا دشمن نہیں سمجھتا۔ امریکہ میں ہمارے بہت سے دوست ہیں۔ ٹرمپ کے ساتھ انکی بات چیت کو جیمز کومی نے لیک کرکے بہت عجیب و غریب کام کیا تاہم یہ اسی طرح کی حرکت ہے جو ایڈورڈ اسنوڈن نے کی تھی۔ اگر جیمز کومی کو امریکہ میں ستایا اور پریشان کیا جاتا ہے تو وہ انہیں روس میں سیاسی پناہ دینے کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ روس نے سی آئی اے کے سابق جاسوس ایڈورڈ سنوڈن کو بھی سیاسی پناہ دی ہوئی ہے جنہوں نے دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے ذریعے کی جانے والی امریکی جاسوسی کا بھانڈا پھوڑا تھا۔
پیوٹن/ پیشکش