نواز شریف نے جے آئی ٹی میں پیش ہو کرتاریخ رقم کر دی: عابد شیر علی
فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم محمد نواز شریف قانون اور آئین کی بالادستی کے حامی ہیں‘ جے آئی ٹی میں پیش ہو کر انہوں نے پاکستان کی سیاسی تاریخ کی انوکھی اور منفرد مثال پیش کی ہے۔ ملک میں انتشار یا افراتفری کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی مخالف سیاسی قوتیں ملک اور عوام کے مفاد میں کوئی قدم نہیں اٹھا رہیں۔ بس نعرے اور شور شرابا ہی ان کا ایجنڈا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی نے سی سی 106 ستارہ کالونی کا مین روڈ اور پارکوں کا کام شروع کروانے کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاءسے کیا۔ اس موقع پر حاجی غلام مصطفی بھٹی‘ رانا امجد‘ میاں سرور‘ مہرمبشر‘ ملک شہزاد‘ ذوالفقار جٹ‘ میاں خالد‘ امجد جٹ‘ اشرف وڑائچ ‘ مہر خادم‘ تنویر احمد‘ رانا عثمان‘ محمد شفیق‘ محمود عالم ‘ میاں محمود الحسن و دیگر اہلیان علاقہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں کئے گئے تمام وعدے ایک ایک کر کے پورے کر رہے ہیں۔ ہم عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں‘ گیس بجلی‘ سیوریج‘ پارکوں کی تعمیر اور دوسری بنیادی سہولیات عوام کا فرض ہے اور ہم عوام کو یہ سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔این اے 84کا کوئی ایسا علاقہ نہیں بچے گا جہاں بجلی‘ گیس ‘ سیوریج کی سہولتیں بہم نہ پہنچائی جائیں۔ چوہدری عابد شیرعلی نے کہا کہ سابق حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رہے ہیں مگر جب سے ہماری حکومت آئی ہے ہم نے عوامی خدمت کا جو عدہ کیا تھا اسے نبھا رہے ہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر پہنچا رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی غلام مصطفی بھٹی نے وزیرمملکت چوہدری عابد شیرعلی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایک کروڑ 82لاکھ 99 ہزار کی خطیر رقم سے سی سی 106 کی ستارہ کالونی کا مین روڈ اور پارکوں کی تعمیرشروع کروائی۔ چوہدری شیرعلی خاندان خدمت کا نشان ہے‘ چوہدری شیرعلی کے بعد چوہدری عابد شیرعلی اپنے والد کا نام روشن کر رہے ہیں یہ وجہ ہے کہ این اے 84سمیت پورے ملک میں ان کا ڈنکا بج رہا ہے۔
عابد شیرعلی