• news

فتح کا جشن جاری‘ چیمپئنز کی وطن واپسی شروع‘ شاندار استقبال : بھارت میں صف ماتم بچھی رہی

لاہور+ کراچی ( نیوز رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر ملک بھر میں جشن جاری ہے جبکہ بھارت میں دوسرے روز بھی صف ماتم بچھی رہی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم علی الصبح دو مختلف فلائٹس سے پاکستان پہنچی۔بابر اعظم‘ حسن علی‘ احمد شہزاد‘ فہیم علی الصبح 2 بجے لاہر جبکہ کپتان سرفراز اور رومان رئیس کراچی ایئرپورٹ اترے۔نیوز رپورٹر کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو روندھنے کے بعد شاہینوں کا پاکستان پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد قومی کرکی ٹیم کے چار کھلاڑی بابر اعظم‘ حسن علی‘ احمد شہزاد اور فہیم اشرف لاہور پہنچ گئے جہاں پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد لاہور ایئرپورٹ پر موجود تھی۔ کھلاڑیوں کو لاہور پہنچنے پر گارڈ آف آنر دیا گیا۔ اس موقع پر ائرپورٹ کی فضائیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ہار پہنائے گئے۔ زندہ دل لاہور یئے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ اس موقع پر شہریوں نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے لاہور ایئرپورٹ کے چاروں اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اے پی پی کے مطابق قومی ٹیم کے ارکان محمد عامر‘ جنید خان‘ محمد حفیظ‘ شعیب ملک اور اظہر علی ٹیم کے ہمراہ وطن واپس نہیں آئے۔ وہ لندن میں قیام کرکے بعد میں پاکستان آئیں گے۔ فخر زمان پشاور‘ شاداب راولپنڈی‘ حارث سہیل سیالکوٹ آئیں گے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کرکٹ ٹیم کا غیرملکی کوچنگ سٹاف چھٹیوں پر اپنے وطن روانہ ہو گیا ہے جو 20 جولائی کو پاکستان واپس آئیگا۔ جولائی کے آخر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایبٹ آباد میں بوٹ کیمپ لگایا جائیگا۔ لندن میں رکنے والے کھلاڑی اگلے دو تین روز میں اپنے اپنے شہر پہنچیں گے۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق پاکستان کرکٹ کی چیمپئنز ٹرافی میں شاندار فتح کی گونج لاہور ہائیکورٹ بار میں بھی سنائی دی۔ لاہور ہائیکورٹ بار نے شاندار کامیابی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں بھارت کو شکست موضوع بحث رہا۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کرکٹ ٹیم کی کامیابی کو قابل فخر فتح قرار دیا اور اعلان کیا ٹیم کی ملک واپسی پر استقبالیہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ٹیم کے کھلاڑیوں کو لاہور ہائیکورٹ بار مدعو کیا جائیگا۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے یہ اعلان بھی کیا پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بار کی جانب سے قائد اعظم ایوارڈ بھی دیا جائیگا۔ آن لائن کے مطابق حکومت پنجاب نے چیمپئنز ٹرافی کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے استقبال کےلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ صوبائی وزیر رانا مشہود کی زیرقیادت کمیٹی کھلاڑیوں کو انعامات کی سفارشات پیش کریگی۔ پاکستان سے بدترین شکست کے بعد بھارتی اخبارات نے بھارتی ہارکو شہ سرخیوں میں جگہ دیتے ہوئے خوب درگت بناڈالی۔ چیمپئینز ٹرافی میں پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی اخبارات نے شہ سرخیاں لگا کر بھارتی ٹیم کے لیے دل کی بھڑاس نکالی۔ انڈین ایکسپریس نے سرخی لگائی کہ اتوار پاکستان کا دن تھا، پاکستان نے بھارت کو ون ڈے کی تاریخ میں سب سے بڑی شکست دےکر چیمپئنز ٹرافی جیت لی۔ ہندوستان ٹائمز نے لکھا پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست دی، اخبار نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دینے کے کوہلی کے فیصلے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اخبار دی ہندو نے لکھا کہ پاکستان نے بالآخربھارت کو ہرا دیا۔ صباح نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ملتان کے وکلا نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح پر ہڑتال کی جس کے باعث سائلین کو مشکلات کا سامنا کر پڑا۔ خیبر پی کے میں اتوار کی رات میچ جیتنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 124 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ہوائی فائرنگ کے الزام میں 140 مقدمات درج کئے گئے‘ سب سے زیادہ 55 مقدمات پشاور میں درج کئے گئے۔ آن لائن کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گولڈن بال بوائے اور مین آف دی ٹورنامنٹ حسن علی نے وطن واپسی سے قبل اپنے پیغام میں کہا ہے پاکستان میں آ رہا ہوں۔ مداحوں کے نام پیغام میں حسن علی نے کہا گوجرانوالہ کے باسیو! ٹیم پاکستان کو چیمپئن بنانے کے بعد واپس آ رہا ہوں اور آپ کا پیار دیکھنا چاہتا ہوں۔سوشل میڈیا پر ایک اور پیغام میں انہوں نے لکھا کہ یہ ٹورنامنٹ بہت شاندار رہا، بہت جذباتی لمحہ ہے، چاہتا تھا میری وجہ سے فیملی کا سر فخر سے بلند ہو لیکن مجھے امید ہے اپنی کارکردگی سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرنے میں کامیاب رہا۔ حسن علی نے مزید لکھا بھارت کے ہاتھوں پہلے میچ میں شکست کے بعد کہا گیا ہم گھر واپس جائیں گے لیکن ہم نے کہا چیمپئنز ٹرافی ساتھ لے کر جائیں گے، ہر کسی نے کہا ہمارا ایونٹ میں پیشقدمی کا کوئی چانس نہیں، ہم نے ایک زخمی شیر کی طرح لڑنے کا فیصلہ کیا، ہماری فتح قوم کیلئے عید کا تحفہ ہے۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان میں خوشی کا ماحول ہے دوسری طرف انڈیا میں اداسی چھائی ہوئی ہے۔ اور ایسے میں پاکستان کی فوج نے کرکٹ ٹیم کی اس جیت کے بہانے بھارت کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے میچ دیکھنے والے کرکٹ شائقین کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: 'یہ ہمارا بلوچستان ہے۔' ٹویٹ کی گئی تصاویر میں لوگ پاکستان کی جیت کا جشن مناتے نظر آ رہے ہیں۔ فوج کے ترجمان نے مزید لکھا: 'جس کسی سے بھی اس کا تعلق ہو۔۔۔ دور رہیں۔' اس پوسٹ کے تقریباً نصف گھنٹے بعد انھوں نے ایک اور ویڈیو پوسٹ کی جس کے ساتھ انھوں نے لکھا: 'اور یہ ہے۔۔۔ سری نگر!!' اس ویڈیو میں چند افراد آتش بازی کرتے اور چیختے چلاتے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو کو ایک گھنٹہ قبل جےاینڈ نام کی ایک نیوز ویب سائٹ پر پوسٹ کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ سال 15 اگست کو اپنے یوم آزادی کی تقریر میں بلوچستان کا ذکر کیا تھا۔ مودی نے کہا تھا ان کا آزاد کشمیر اور بلوچستان کے لوگوں نے شکریہ ادا کیا ہے۔ ایک جانب بلوچ رہنماو¿ں نے اس بیان کا خیر مقدم کیا تھا تو دوسری جانب پاکستان نے اس پر شدید ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ اس کے بعد گذشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انڈیا کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنی تقریر میں بلوچستان کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ ان کا کہنا تھا پاکستانی وزیر اعظم نے کہا انڈیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ میں بس یہی کہوں گی جن کے گھر شیشے کے ہوں وہ دوسروں پر پتھر نہیں پھینکتے۔ آپ دیکھئے بلوچستان میں کیا ہو رہا ہے۔' پاکستان بلوچستان کے معاملے میں بھارت کی مداخلت کی مذمت کرتا رہا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق پاکستان کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جیت کی خوشی میں لندن کی سڑکوں پر پاکستانی مداحوں کے ساتھ گورے پولیس اہلکار بھی خوشی سے جھومتے رہے۔
کرکٹ ٹیم/ واپسی

ای پیپر-دی نیشن