• news

تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما گولڈ میڈلسٹ کرنل (ر) امجد حسین انتقال کر گئے : نماز جنازہ کل ہو گی

لاہور (پ ر) جنرل منیجر نوائے وقت گروپ مجاہد حسین سید‘ سابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب، اٹارنی بار ایٹ لاءسپریم کورٹ واشنگٹن ڈی سی مواحد حسین شاہ‘ چیئرمین ڈیفنس کمیٹی اینڈ چیئرمین سی پیک پارلیمنٹری کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید‘ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بنک ٹو واشنگٹن ڈی سی تحسین سید کے والد اور بانی نوائے وقت حمید نظامی مرحوم‘ معمار نوائے وقت مجید نظامی مرحوم کے دیرینہ دوست‘ تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما اور گولڈ میڈلسٹ کرنل (ر) امجد حسین سید بقضائے الٰہی انتقال کر گئے۔ ان کی نمازجنازہ کل 21 جون بروز بدھ دوپہر 2بجے 111 سی نیو مسلم ٹاﺅن میں ادا کی جائیگی۔ بعدازاں مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان شاہ جمال میں سپردخاک کیا جائے گا۔ چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ‘ وائس چیئرمین ڈاکٹر رفیق احمد‘ چیف کوارڈی نیٹر میاں فاروق الطاف‘ کارکنان تحریک پاکستان جسٹس (ر) آفتاب فرخ‘ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد‘ جسٹس (ر) خلیل الرحمن خان‘ چودھری ظفر اللہ خان‘ کرنل (ر) سلیم ملک‘ ایم کے انور بغدادی‘ خورشید احمد وائیں‘ ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم تحریک پاکستان کے بزرگ رہنما تھے جنہوں نے حمید نظامی مرحوم کے ساتھ مل کر علامہ اقبال کی ہدایت پر مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کی بنیاد رکھی‘ وہ افواج پاکستان میں خدمات سرانجام دیتے رہے‘ ریٹائرمنٹ کے بعد ساری زندگی نظریہ پاکستان کے فروغ کے لئے سرگرم عمل رہے‘ ان کا معمار نوائے وقت مجید نظامی مرحوم سے قریبی دیرینہ تعلق تھا جو تاحیات جاری رہا۔ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں ق لیگ کے سینیٹر مشاہد حسین سید، سید مواحد شاہ اور سید مجاہد حسین کے والد سید امجد حسین کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے وہ تحریک پاکستان کے مجاہد تھے، ان کو پاکستان، قائداعظم اور علامہ اقبال سے عشق کی حد تک لگاﺅ تھا، ان کے انتقال سے پاکستان ایک نہایت محب وطن اور سچے پاکستانی سے محروم ہو گیا۔ مرحوم 90 سال قبل مسلم ٹاﺅن میں پیدا ہوئے۔ وہ اسلامیہ کالج لاہور میں سابقہ لیڈر تھے وہ علامہ اقبال سے مسلسل ملتے اور اسی دوران ان کی قائداعظم سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے مارچ 1940ءمیں لاہور میں ہونے والے مسلم لیگ کے اجلاس میں بھی شرکت کی جہاں قرارداد پاکستان منظور ہوئی۔ انہوں نے جنوری 1942 میں فوج میں بطور لیفٹیننٹ کمشن حاصل کیا ۔ اگست 1997 میں وزیراعظم پاکستان نے انہیں تحریک پاکستان میں نمایاں خدمات پر گولڈ میڈل عطا کیا۔
انتقال/ کرنل امجد حسین

ای پیپر-دی نیشن