سانحہ صفورہ‘ سبین محمود قتل کے مجرموں کیخلاف دیگر مقدمات کی سماعت‘5مفرور دہشت گردوں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری
کراچی(صباح نیوز) سانحہ صفورہ گوٹھ اور سبین محمود قتل کے الزام میں مختلف فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے مجرموں کو دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔پولیس نے سانحہ صفورہ میں سزائے موت پانے والے دو مجرموں سعد عزیز اور طاہر منہاس کو دیگر مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے 5 مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے ان میں نامزد دیگر 5 مفرور دہشت گردوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ان مقدمات میں تھانہ شارع فیصل میں نیوی کے کیپٹن ندیم احمد قتل کیس، نیو کراچی میں پولیس محافظ وقار ہاشمی کیس، حیدری مارکیٹ بم دھماکا کیس، نارتھ ناظم آباد اور سمن آباد میں پولیس مقابلہ اور دھماکا خیزمواد کے مقدمات شامل ہیں۔خیال رہے کہ سعد عزیز اور طاہر منہاس سمیت 5 مجرموں کیخلاف درج سانحہ صفورہ اور سبین محمود قتل کیسز کو سماعت کیلئے فروری 2016ء میں فوجی عدالت منتقل کیا گیا تھا۔واضح رہے مئی 2015ء میں کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ کے قریب بس پر ہونے والی فائرنگ سے 18 خواتین سمیت 47 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن کا تعلق اسماعیلی برادری سے تھا۔