• news

بلدیہ کراچی، مالی سال 2017-18ء کیلئے 27 ارب 13 کروڑ 56 لاکھ کا بجٹ پیش

کراچی (سٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے پیر کی صبح سٹی کونسل اجلاس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا مالی سال 2017-18 ء کا 27,135.670 ملین روپے کا بجٹ پیش کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کو متوازن اور حقیقت پسندانہ بنانے کی کوشش کی ہے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے اور موجودہ ریونیو ریکوری کو ہی مزید بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ 2017-18 کیلئے ہمارا بنیادی نظریہ ’’ اپنی آمدنی بڑھائو ۔ ۔خود انحصاری اپنائو‘‘ ہے، جس کے تحت غیرترقیاتی اخراجات کو بڑھنے سے بچایا ہے اور زیادہ توجہ ترقیاتی فنڈز پر رکھی ہے۔ گورنر سندھ نے وفاقی حکومت کی طرف سے کراچی میں ترقیاتی کامو ںکیلئے فنڈز دلوانے کی یقین دہانی کرائی ہے اگر وزیر اعظم نے کراچی کیلئے رقم دی تو شہر کے تمام اضلاع میں خرچ کریں گے، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے کراچی دشمنی کاکھلا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 ارب مالیت کی 143 سکیمیں منظوری کیلئے بھیجیں مگر حکومت سندھ نے ہماری ایک سکیم بھی منظور نہ کی جو نہ صرف بلدیاتی نمائندوں بلکہ کراچی کے عوام کی بھی توہین ہے اور یہ حکومت سندھ کی وڈیرہ شاہی طبیعت کا مظہر ہے جو عوامی نمائندوں پر بالکل اعتماد نہیں کرتے مگر ہم مایوس نہیں ہیں ہم ورلڈ بینک کی شراکت سے کئی منصوبے لارہے ہیں اور ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اسکیموں کے ذریعے بھی اپنے ڈیویلپمنٹ پورٹ فولیو کو بڑھائیں گے اور ہم نے وزیر اعظم پاکستان کو بھی 21 ارب روپے کا ڈیویلپمنٹ پیکیج پیش کیا ہے جس پر اگر عملدرآمد ہوجائے تو کراچی شہر میں ترقی کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 2017-18 ء کے لئے مجوزہ بجٹ میں کل آمدن 26,835.587 جبکہ مجموعی اخراجات کا تخمینہ 27,135.670 شامل ہے ۔کل آمدن میں Current Receipts 18,015.485 ملین روپے اور Captial Receipts 1,795.500 ملین روپے ہیں جبکہ فنڈز برائے پراونشل اے ڈی پی ، ڈسٹرکٹ اے ڈی پی اور VGF 7,024.602 ملین روپے ہیں۔ اسی طرح اخراجات کی مد میں Establishment اخراجات 11,738.239 ملین روپے اور Contingent 2,075.664 ملین روپے، ریپیئراینڈ مینٹی نینس 251.685 ملین روپے جبکہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹس کا تخمینہ 6,045.480 ملین روپے اور پراونشل اے ڈی پی ، ڈسٹرکٹ اے ڈی پی اور VGF کے لئے 7,024.602 ملین روپے اخراجات کا تخمینہ ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ مالی سال 2017-18 ء کے بجٹ میں ڈویلپمنٹ کی مد میں 13 ہزار ملین روپے مختص کئے ہیں جس میں کے ایم سی فنڈ سے ہم تقریباً 6 ارب روپے، ڈسٹرکٹ اے ڈی پی سے 5 ارب روپے اور پراونشل اے ڈی پی اور VGF کی مد میں تقریباً 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں ،آئندہ مالی سال کے دوران غیر ترقیاتی اخراجات 51 فیصد اور ترقیاتی اخراجات 49 فیصد ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن