موجودہ حکومت رواں برس ہر صورت بلدیاتی انتخابات کرائے گی: وزیراعظم آزادکشمیر
مظفرآباد(صباح نیوز) وزیر اعظم آزاد حکومت آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت رواں سال کے اندر ہر صورت میں بلدیاتی انتخابات کرائے گی۔ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کے لئے بجٹ میں 50کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کرنے، نئی قیادت کی تیاری اور گراس روٹ لیول پر عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مقامی حکومتوں کا قیام ناگزیر ہے۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان کو با اختیار اور باوقار انداز میں حکومتی معاملات میں شریک کار بنائیں گے انہیں سرکاری ملازم نہیں بلکہ حکمران بنائیں گے۔ لیگی کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں۔ ماضی میں آزاد کشمیر کے اندر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر کوئی توجہ نہیں دی گئی لیکن موجودہ حکومت بلدیاتی انخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہے اور عوام سے کیا گیا یہ وعدہ ہر صورت میں ایفا کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سیکرٹری الیکشن کمشن و سابق الیکشن کمشنر بلدیات شیخ نسیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ نسیم نے یہاں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے آزاد خطہ کے عوام سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا وعدہ کر رکھا ہے۔ لیگی حکومت یہ وعدہ پورے کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ بلدیاتی الیکشن مسلم لیگ ن کے منشور کا حصہ ہے جس پر سو فیصد عمل درآمد ہو گا۔ آزاد کشمیر میںبلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے ہزاروں لوگ ریاستی ترقی اور خوشحالی کے عمل میں براہ راست شریک ہونگے۔