وفاق اور سندھ کے درمیان رائٹ بینک فال ڈرین منصوبہ پر اختلافات برقرار
اسلام آباد(آن لائن)وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان رائٹ بینک آؤٹ فال ڈرین منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے پائے جانے والے اختلافات حل نہ ہونے کے بعد وزارت منصوبہ بندی نے مذکورہ تین منصوبوں کیلئے مختص کردہ 4.8ارب روپے دیگر منصوبوں کیلئے مختص کرنے کی منظوری دیدی، میڈیا رپورٹس کے مطابق مالی سال 2016-17ء میں رائٹ بینک آؤٹ فال ڈرین کے تین منصوبوں کیلئے 4.8ارب روپے مختص کیے گئے مگر وفاقی اور سندھ حکومت کے اختلافات کے باعث منصوبوں پر ایک روپیہ بھی خرچ نہ کیا جا سکا جس کے بعد وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے یہ فنڈز دیگر منصوبوں کی تکمیل کیلئے مختص کرنے کی اجازت دیدی۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں وزارت پانی وبجلی سے فنڈز کو چار سست روی سے جاری منصوبوں سے منتقل کرکے انہیں پانچ تیز رفتاری سے جاری منصوبوں کیلئے دوبارہ تخمینہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان منصوبوں میں بسول ڈیم کی تعمیر کیلئے 600ملین، 2200ملین روپے کبھی کینال فیز ون ڈیرہ بگٹی ناصر آباد، 800ملین روپے سندھ میں جاری منصوبے اور 50ملین روپے خیبرپی کے میں نظام آبپاشی کی دوبارہ تعمیر اور 1200ملین روپے کوٹ ار ضلع مظفر گڑھ میں ٹی پی لنک کینال میں شگاف سے بچاؤ کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔