ورلڈ ہاکی لیگ : کینیڈا سکاٹ لینڈ کامیچ برابر، پاکستان کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
لندن( نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ ہاکی لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ لی ویلی پارک ہاکی سٹیڈیم میں کینیڈا اور سکاٹ لینڈ کے مابین کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سکاٹ لینڈ کو یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔ دونوں ٹیموں کے مابین دلچسپ مقابلہ ہوا۔ میچ کے انیتیسویں منٹ میں کینیڈا کی طرف سے جانسن گورڈن نے پنلٹی کارنر پر گول سکور کیا۔ سکاٹ لینڈ کی طرف سے میچ کے بیالیسویں منٹ میں پنلٹی کارنر پر مارشل ولی نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ میچ کے اختتام تک دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول نہ کر سکیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانا خوش آئند ہے۔ ہماری پوری توجہ اگلے مرحلے پر ہے کوشش کریں گے ٹیم سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔ ناک آ¶ٹ مرحلے میں جگہ بنانے کے بعد کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک اور موقع ملا ہے۔ کوارٹرفائنل کھیلنے کی وجہ سے ہم اپنی پوزیشن زیادہ بہتر کر سکتے ہیں ہمیں اپنی ٹیم پر بہت اعتماد ہے اور ٹیم میں شامل تمام پلیئرز سے اچھے کھیل کی توقع بھی ہے۔ کینیڈا آخری پول میچ ریلیکس کھیلا وہ اس سے بہتر ٹیم ہے۔ پاکستان کے لئے پول مرحلے میں کارکردگی اور نتیجے کے اعتبار سے بھارت کیخلاف میچ سب سے زیادہ پریشان کن رہا۔ اس میچ میں ہم اچھی ہاکی نہیں کھیل سکے۔ نیدرلینڈ نے بھارت کیخلاف مقابلہ تین ایک سے اپنے نام کیا۔ ہر پول میں پہلے نمبر پر آنے والے چار ٹیمیں کوارٹرز فائنل کیلئے کوالیفائی کرینگی۔ پول بھی میں نیدرلینڈ کی ٹیم ابھی تک ناقابل شکست ہے۔ ملائیشیا نے چین کوچار ایک سے شکست دیدی۔کوارٹر فائنل مرحلہ کل سے شروع ہوگا۔