مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت بڑا فتنہ ہے: عبدالرحمن مکی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں مسلمانوں کو باہم لڑائی جھگڑوں میں الجھاکر رکھنا چاہتی ہیں۔ مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری بہت بڑا فتنہ ہے۔ جماعۃ الدعوۃ علمی بنیادوں پر اس فتنہ کے خاتمہ کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ نوجوانوں کو دشمنان اسلام کے پراپیگنڈا اور گمراہیوں کا شکار ہونے سے بچانا ہم سب پر فرض ہے۔ فرقوں کا دور ختم ہو رہا ہے‘ کسی مایوسی اور پریشانی کی ضرورت نہیں ۔ تخریب کاری و دہشت گردی کے سب فتنے ختم ہو جائیں گے۔کشمیر کی آزادی میں ہی پاکستان کی سلامتی کا راز مضمر ہے۔ انڈیا ریاستی دہشت گردی کے ذریعہ مقبوضہ کشمیر پر زیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ تسلط برقرار نہیں رکھ سکتا۔ کشمیری مسلمانوں کی مددکے لئے آخری حدتک جائیں گے ۔ سول لائن روڈ جہلم کے مقامی شادی ہال میں نماز فجر کے بعد درس قرآن کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دشمنان اسلام کی پوری کوشش ہے کہ مسلمان آپس میں دست و گریباں رہیں۔ قتل کرنے والا بھی مسلمان اور قتل ہونے والا بھی مسلمان ہو۔ مسلم معاشروں میں یہ سلسلہ بہت زیادہ عام ہو رہا ہے۔ اسلام دشمنی کی بنیاد پر صلیبی، یہودی اور ہندوسب ایک ہیں۔ مسلمانوں کو کسی دھوکے میں نہیں رہنا چاہیے اور متحد ہو کر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ نبی مکرمؐ نے قیامت تک آنے والے سب فتنوں سے اُمت کو آگاہ کیا ہے۔کسی مسلمان کیلئے دوسرے مسلمان کا قتل جائز نہیں۔ عقیدے کی غلطیاں اور اعمال میں کمزوریوں کی اصلاح کیلئے دعوت کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔