خیبر پی کے حکومت گندھارا آرٹ کے قیمتی نمونے بیرون ممالک بھیج رہی ہے: نعیمہ کشور کا قائمہ کمیٹی اطلاعات نشریات میں الزام
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اسلم بودلہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ رکن نعیمہ کشور نے الزام لگایا کہ خیبر پی کے حکومت گندھارا آرٹ کے قیمتی نمونے باہر بھجوا رہی ہے۔ اربوں روپے مالیت کے نادر مجسمے کسی یورپی ملک بھجوائے جا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے مجمسمے قیمتی زیورات بیرون ملک بھجوانے کیلئے وفاق سے اجازت نہیں لی۔ وفاقی حکومت بتائے ملک کا تاریخی ثقافتی ورثہ بیرون ملک کیوں بھجوایا جا رہا ہے۔ اگر یہ کچھ وقت کیلئے بھی بھجوایا جا رہا ہے تو واپسی کی کیا ضمانت ہے۔ سیکرٹری اطلاعات نے کمیٹی کو بتایا کہ خیبر پی کے حکومت سے معلوم کرکے ایک ہفتے میں آگاہ کروں گا۔