• news

ملکہ برطا نیہ نے برٹش کونسل عملے کے 2 پاکستانی ارکان کو اعزازات سے نواز دیا

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے برٹش کونسل میں خدمات انجام دینے کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نشاط ریاض اور شازیہ خاور کو ملکہ عالیہ برطانیہ کی جانب سے اعزازات سے نوازا ہے۔ نشاط اور شازیہ کو’’موسٹ ایکسیلنٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر‘‘ کی اعزازی رکنیت دی گئی ہے۔ ایم بی ای ایک اہم اعزاز ہے جو افراد کو اہم کامیابیوں یا ان غیر معمولی خدمت جو دیگر افراد کے لیے ایک مثال کی حیثیت رکھتے ہیںکی انجام دہی کے نتیجے میں دیا جاتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہاکہ میرے لیے نشاط ریاض اور شازیہ خاور کو برٹش کونسل میں تعلیم اور ثقافتی تعلقات کے شعبہ میں ان کی انتھک محنت اور پرجوش کارکردگی کے اعتراف میں ایم بی ای کی اعزازی رکنیت دینا انتہائی باعث مسرت ہے۔ انہوں نے اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانیہ اور پاکستان کے تعلیمی اور معاشرتی تعلقات کو جوڑتے ہوئے دونوں ممالک کے ثقافتی روابط کو فروغ دیا ہے۔ ان کا عزم ہم سب کے لئے ایک مثال ہے۔برٹش کونسل پاکستان کی سربراہ روز میری ہل ہورسٹ نے کہا کہ میں نشاط ریاض اور شازیہ خاور کو اعزاز دیے جانے پر مبارک باد پیش کرتی ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن