• news

دفاعی مصنوعات کی فروخت‘ برآمدات کا سرکاری ریکارڈ نہیں: قائمہ کمیٹی میں اعتراف

اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے اجلاس کی کارروائی کے دوران مالی مسائل کے پیش نظر آئندہ برس دفاعی نمائش نہ ہونے کا خدشہ ظاہرکردیا گیا۔ کمیٹی نے متعلقہ دفاعی ادارے کو بروقت فنڈز جاری نہ کرنے کے معاملے پر آئندہ اجلاس میں خزانہ اور تجارت کی وزارتوں کے اعلیٰ حکام کو طلب کر لیا۔ اجلاس میں واضح کر دیا گیا ہے کہ واجبات ادا نہ کئے گئے تو آئندہ سال دفاعی آئیڈیاز نمائش منعقد نہ ہوسکے گی۔ قائمہ کمیٹی متعلقہ وزارتوں سے دفاعی سازو سامان و آلات کے نجی برآمد کنندگان کو دی جانے والی مراعات و سبسڈی کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ بدھ کو قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کا اجلاس یہاں پارلیمنٹ لاجز میں چیئرمین خواجہ سہیل منصور کی صدارت میں ہوا۔ ڈی جی ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن نے رواں مالی سال کے بجٹ میں دفاعی مصنوعات کی تیاری کی نمائش اور برآمدات کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ نجی شعبے کی دفاعی مصنوعات کی فروخت اور برآمدات کا کوئی سرکاری سطح پر ریکارڈ نہیں ہے۔ دفاعی مصنوعات کے 82برآمد کنندگان ہیں لیکن ان کا ڈیٹا بیس کا ریکارڈ نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن