آپریشن ردالفساد: پشاور میں 89 افراد گرفتار، وزیرستان سے بھاری اسلحہ برآمد
اسلام آباد/ پشاور (خبر ایجنسیاں) آپریشن ردالفساد کے سلسلہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، پشاور سے 18 اشتہاریوں سمیت 89 جرائم پیشہ افراد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ قبضہ سے اسلحہ، منشیات برآمد کی گئی ہیں جبکہ جنوبی وزیرستان میں بڑی تعداد میں اسلحہ پکڑا گیا ہے۔ پشاور سے آن لائن کے مطابق سی سی پی او پشاورمحمد طاہر خان کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنزسجاد خان کی نگرانی میں پشاور پولیس نے مختلف تھانہ جات کی حدود میںسرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی۔ ان آپریشن میں مقامی تھانہ جات کی نفری کے علاوہ سنیفر ڈاگ اور لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا سر چ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب18اشتہاری مجرمان تھانہ بھانہ ماڑی کے حدود میں قاضی محمد شفیق ولد قاضی شفیق ساکن لنڈی ارباب،تھانہ سربند کے حدود میں ہارون ولد نوربادشاہ ساکن سپین قبر، حنیف، واجد پسران مجید ساکنان سربند نہر، تھانہ تاتارا کے حدود میںکامران ولد رحمان گل ساکن خرکے چارسدہ، تھانہ دائودزئی کے حدود میں بہادر خان ولد نیک عمل، اسد ولد شاکراﷲ، راج ولی ولد نیک عمل، اشفاق ولد بہادر ساکنان میوڑہ نحقی، تھانہ متنی کے حدود میں کامران ولد حسین گل، نسیم گل ولد حسین گل، انعام گل ولد سیدان گل ساکنان جانے گھڑی، ایازخان ولد اول خان، ظاہر خان ولد محمد اﷲ ساکنان شیریکرہ افسر خان ولد باغی شاہ ساکن اضاخیل، معتبرخان ولد عمر گل ساکن غازی آباد متنی سمیت 73جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 01عدد رپیٹر 12 بور، 12 عدد پستول 30 بور، 03عدد 9MM پستول، سینکڑوں عدد کارتوس، 09کلوگرام چرس اعلی کوالٹی برآمد، جبکہ غیر قانونی طور پر رہائش پذیر 16 افراد کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مختلف مقدمات درج کر دئیے گئے ہیں۔ اسلام آباد سے صباح نیوز کے مطابق پاک فوج کا ملک دشمن عناصر کے خلاف آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے اور اس دوران سیکورٹی فورسز نے گزشتہ روز کاروائی کرتے ہوئے وزیر ستان ایجنسی سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے ترجمان پاک فوج کے مطابق ایس این جی ، گرینیڈز، رائفلز، پستول، گولہ بارود کے علاوہ دیگر خطرناک اسلحہ برآمد کر لیا۔ این این آئی کے مطابق پشاور کے علاقے فقیر آباد میں پولیس موبائل کو اُڑانے کیلئے نصب 5 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ بم میں بال بیئرنگ بھی شامل کئے گئے تھے۔ مشکوک چیز کی موجودگی کی اطلاع مقامی افراد نے پولیس کو دی۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے مشکوک سامان کی تلاشی لی جس میں 5 کلو وزنی بم نصب تھا، بم ڈسپوزل یونٹ نے بم کو ناکارہ بنا دیا۔ پولیس حکام کے مطابق جس جگہ پر بم نصب کیا گیا تھا، وہاں سے پولیس موبائل گشت گزرنے والی تھی۔