• news

حکومت کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر خاموشی ختم کرے: عبدالرحمن مکی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی مظالم انتہا کو پہنچ چکے۔ کشمیریوں کو باجماعت نماز تراویح سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔ حکومت بھارتی ریاستی دہشت گردی پر خاموشی ختم کرے۔ دفتر خارجہ عالمی سطح پر پاکستان کے قومی مفادات اور کشمیر کی تحریک آزادی کا دفاع کرنے میں ناکام ہے۔ کشمیری کسی صورت اپنی آزادی پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔سی پیک کی کامیابی کیلئے راکی سازشوں کو بے نقاب کرنا انتہائی ضروری ہے۔ حافظ محمد سعید کی نظربندی بیرونی دبائو کا نتیجہ ہے۔ پاکستانی میڈیا قلم کے ذریعے کشمیر کی تحریک کے لیے کردار ادا کرے۔ جامع مسجدشمیم ڈی سی کالونی گوجرانوالہ میں نماز فجر کے بعد بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان کے آغاز میں ہی 14کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا، لیکن ہماری حکومت اور دفتر خارجہ خاموش ہے۔ دوسری جانب کشمیری اپنے شہداء کو پاکستان کے جھنڈے میں لپیٹ کر دفنا رہے ہیں۔ پاکستانی میڈیا کشمیر کی تحریک آزادی کوبھرپور انداز میں اجاگر کرے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ صحافیوں کا قلم تحریک آزادی کو تقویت دے گا۔

ای پیپر-دی نیشن