ڈرون گرانے کا معاملہ تعلقات پر اثرانداز نہیں ہو سکتا: ایرانی سفیر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ ڈرون گرانے کے معاملہ پر پاکستانی اور ایرانی حکام رابطے میں ہیں۔ ڈرون گرانے کا معاملہ پاکستان ایران تعلقات پر اثرانداز نہیں ہو سکتا۔ مسلم ممالک کو مل بیٹھ کر قطر معاملے کا حل نکالنا ہو گا۔ افطار ڈنر سے خطاب میں ایرانی سفیر نے کہا ہے مسلمانوں کو تقسیم کرکے آپس میں لڑانے کی سازش کی جارہی ہے اور مسلمانوں کو ان سازشوں کو ناکام بنانے کےلئے متحد ہونا چاہیے۔ متحد ہوکر ہی القدس قبلہ اول کی آزادی ممکن ہے، مسلمان ممالک متحد نہ ہوئے تو دشمن اس کا فائدہ اٹھا سکتا ہے جو مسلم ممالک کے لئے خطرناک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی اور دوستانہ ہیں، پاکستان نے ہمیشہ مسلم ممالک کو متحد کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور ہم اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ جب تک فلسطین کے مسئلہ کو حل نہیں کیا جاتا دنیا میں امن نہیں قائم نہیں ہو سکتا۔
ایرانی سفیر