• news

دہشت گردی کو ریاستی طاقت سے کچل دینگے : نوازشریف : قوم کی خوشیاں چھیننے والا دشمن ناکام ہو گا : آرمی چیف

اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف نے پارا چنار میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں دہشت گردی کے ایسے واقعات کو ریاست کی طاقت سے کچل دیا جائے گا۔ دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سچا مسلمان ایسے گھناﺅنے اقدامات کا تصور بھی نہیں کر سکتا، دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعظم نے ملک بھر میں سکیورٹی انتظامات کو سخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں پر ردعمل میں کہا ہے کہ دشمن بزدلانہ کارروائیاں کر کے قوم کی خوشیاں چھیننا چاہتا ہے، پاکستان کے اٹل عزائم کے آگے دشمن ناکام ہو گا اور اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ قوم کا حوصلہ بلند ہے۔ ملک بھر میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن شروع کر دیئے گئے ہیں۔
وزیراعظم / آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن