نیب کی پلی بارگین : سابق لینڈ ایکویزیشن کلیکٹر میاں رئوف سے 59.84 ملین روپے وصول
لاہور(خصوصی رپورٹر)قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے پنجاب ہائی و ے ڈیپارٹمنٹ کے سابق لینڈ ایکویزیشن کلیکٹر(LAC) کیخلاف 67ملین کی کرپشن کیس میں پلی بارگین کرتے ہوئے59.84ملین روپے وصول کر لیئے جبکہ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے 6.1ملین روپے کی پہلی ادائیگی کا چیک حکومت پنجاب کے اہلکار کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کو 2015میں محکمانہ درخواست موصول ہوئی جس میں میاں رئوف احمد سابق لینڈ ایکویزیشن کلیکٹر کے اکائونٹ میں سٹرک کی تعمیر اور توسیع کی مد میں زمین کی خرید کیلئے فراہم کی گئی رقم میں سے 67ملین روپے کی خورد برد کی گئی ۔ نیب لاہور نے درخواست کی تصدیق کیلئے تحقیقات کا آغاز کیا جس میں انکشاف ہوا کہ میاں رئوف احمد اور شریک ملزمان نے روڈ توسیع منصوبے میں بوگس پیمنٹ کرتے ہوئے 67ملین کی خورد برد کی ۔ نیب لاہور نے تفتیش آگے بڑھاتے انکوائری کی اس دوران میاں عبدالرئوف، ظہیر احمد(گردآور)، محمد شریف، نسیم عباس، علی عباس اور محمد علی کو 2016میں گرفتار کیا گیا جبکہ نیب لاہور ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرینس بھی دائر کرچکا ہے۔بعد ازاں سابق لینڈ ایکویزیشن کلیکٹر میاں رئوف احمد اور دیگر شریک ملزمان نیب سے پلی بارگین کرتے ہوئے لوٹی گئی مکمل رقم کی واپسی پر رضا مند ہوئے اور ملزمان سے 59.84ملین روپے کی رقم وصول کی گئی جبکہ بقایا رقم بھی وصو ل کی جائے گی۔