743 پرا نی اور 29 نئی کمپنیوں کو حج کوٹہ دیدیا گیا
اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے 743 پرانے حج گروپ آرگنائزر کو حج کوٹہ دیدیا جبکہ 29 نئی کمپنیوں کو حج کوٹہ دیا گیا ہے، ان میں 17 کراچی‘ 8 لاہور اور 4 راولپنڈی و اسلام آباد سے ہیں۔ پہلے سے موجود کمپنیوں کے 71,684 کے کوٹہ میں سے 1450 کا کوٹہ نئی کمپنیوں کو دیا گیا ہے۔ پرانی حج کمپنیوں کا 2 فیصد کوٹہ کر دیا گیا ہے۔ نئی کمپنیوں کو 50 حجاج کے حساب سے کوٹہ دیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری نے وزیراعظم کو نئی کمپنیوں کو کوٹہ دینے کیلئے طریقہ کار پر مبنی سمری بھجوائی تھی جس کی منظوری آنے کے بعد وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری نے سب سے زیادہ نمبرز کی حامل کمپنیوں کو حج کوٹہ الاٹ کر دیا۔ انہوں نے وفاقی مذہبی امور سردار محمد یوسف جو ان دنوں عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں ہیں، کی واپسی کا انتظار نہیں کیا۔ اس سلسلے میں کوئی سیاسی دباؤ بھی قبول نہیں کیا۔ 24 جولائی کو پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزر کی پہلی حج فلائٹ سعودی عرب جائیگی۔